امیت شاہ کا امیٹھی میں روڈ شو

امیٹھی ( یو پی ) 4 اپریل ( سیاست ڈاٹ کام ) بی جے پی کے صدر امیت شاہ نے کانگریس صدر راہول گاندھی کو امیٹھی میں شکست دینے کی لمحہ آخر کی کوشش میں یہاں روڈ شو منعقد کیا اور کہا کہ یو پی کے لئے موروثی سیاست یا ترقی میں کسی ایک کے انتخاب کا موقع ہے ۔ امیت شاہ مرکزی وزیر و پارٹی امیدوار اسمرتی ایرانی کے ساتھ تھے اور یہ ٹاون میں کئی اہم راستوں سے گذرا ۔ آج یہاں انتخابی مہم کا آخری دن تھا ۔ روڈ شو کے دوران اظہار خیال کرتے ہوئے امیت شاہ نے کہا کہ اتر پردیش میں رائے دہندوں کیلئے موقع ہے کہ وہ موروثی سیاست اور ترقی میں کسی ایک کا انتخاب کریں۔ پارٹی ورکرس نے اس موقع پر نعرے لگائے کہ ’ امیٹھی کی یہی پکار ۔ اب کی بار مودی سرکار ‘ ۔ امیت شاہ نے کہا کہ بی جے پی امیٹھی لوک سبھا حلقہ میں ایک لاکھ ووٹوں کی اکثریت سے کامیابی حاصل کریگی ۔ یو پی میں پارٹی کی کارکردگی اچھی رہے گی ۔