امیتھی میں 10 جنوری کو راہول گاندھی کا عوام سے خطاب

امیتھی 8 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) نائب صدر کانگریس راہول گاندھی اسٹیٹ بینک آف انڈیا کی 9 شاخوں اور ایف ایم ریڈیو اسٹیشن کا 10 جنوری کو اپنے حلقہ انتخاب میں افتتاح کریں گے۔ اِس موقع پر ایک جلسہ عام بھی منعقد کیا جائے گا۔ پارٹی ذرائع کے بموجب راہول گاندھی 10 جنوری کو ایس بی آئی کی 9 شاخوں کا افتتاح کریں گے اور اپنے حلقہ انتخاب کے عوام سے رام لیلا میدان امیتھی میں خطاب کریں گے۔ وہ ریل نیر یونٹ (ریلوے کا پانی تیار کرنے کے کارخانہ) کا سنگ بنیاد بھی رکھیں گے۔ اِس کے علاوہ ایف ایم ریڈیو اسٹیشن کا سنگ بنیاد رکھیں گے اور ریلوے شاپنگ کامپلکس کا افتتاح بھی کریں گے۔ راہول گاندھی سنجے گاندھی ہاسپٹل گیسٹ ہاؤز میں شب بسری کریں گے۔ یہاں گوری گنج میں پارٹی کارکنوں کا ایک اجلاس منعقد کیا جائے گا۔ آئندہ دن وہ 2014 ء کے عام انتخابات کے لئے کانگریس کی حکمت عملی تیار کریں گے۔ ذرائع کے بموجب اُن کے دورہ کے دوسرے اور آخری دن اُن کی ہمشیرہ پرینکا گاندھی وڈرا بھی اُن کے ساتھ شامل ہوجائیں گی۔ قبل ازیں کہا گیا تھا کہ راہول گاندھی اپنے حلقہ انتخاب کا 10 جنوری کو دورہ کریں گے۔ 12جنوری کو عام آدمی پارٹی کا ایک جلسہ عام میں اِسی رام لیلا میدان میں مقرر ہے جس سے کمار وشواس جو امکان ہے کہ آئندہ لوک سبھا انتخابات میں اِسی حلقہ انتخاب سے مقابلہ کریں گے، شرکت کریں گے۔

گوا میں مودی کے جلسہ عام کی تیاریاں
پاناجی 8 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) مودی کی مقبولیت سے فائدہ اُٹھانے کی کوشش کرتے ہوئے بی جے پی کی گوا شاخ فی کس فیس 5 روپئے مودی کے جلسہ عام میں شرکت کے لئے وصول کررہی ہے جو 12 جنوری کو مقرر ہے۔ اِس جلسہ کے ساتھ گوا میں لوک سبھا انتخابات کی بی جے پی انتخابی مہم کا آغاز ہوجائے گا۔ چیف منسٹر منوہر پاریکر نے کہاکہ تاحال جلسہ عام میں شرکت کے لئے 90 ہزار افراد نے اپنے نام درج کروائے ہیں۔ منتظمین فی کس 5/- روپئے فیس وصول کررہے ہیں۔ عوام کے علاوہ بی جے پی کارکنوں کو جو جلسہ عام میں شرکت کرنا چاہتے ہیں، فیس ادا کرنا ہوگی۔ جلسہ عام پاناجی کے مضافات میں ایک کھلے میدان میں منعقد کیا جائے گا۔ صدر بی جے پی راجناتھ سنگھ کی جلسہ عام میں شرکت یقینی ہے۔ توقع ہے کہ جلسہ عام میں ایک لاکھ سے زیادہ افراد شریک ہوں گے۔ منوہر پاریکر کئی حلقوں کا دورہ کررہے ہیں تاکہ جلسہ عام میں زیادہ سے زیادہ افراد کی شرکت کو یقینی بنایا جاسکے۔ مقامی بی جے پی کارکن کالجوں میں نوجوانوں کو جلسہ عام میں شرکت کی دعوت دے رہے ہیں۔ اُن میں شعور بیدار کررہے ہیں اور اُن کے نام درج کررہے ہیں۔ بی جے پی کی مقامی شاخ کے صدر ونئے تنڈولکر نے کہاکہ کالجوں میں رجسٹریشن کو زبردست تائید حاصل ہورہی ہے۔ جلسہ عام پر سماج کے ہر طبقہ سے ردعمل حاصل ہورہا ہے کیونکہ عوام مودی کو مستقبل کے وزیراعظم کی حیثیت سے دیکھ رہے ہیں۔