امیتابھ کے ساتھ بھی ایک فلم کرلیتی تو اچھا ہوتا : ببیتا

ممبئی ۔ 12 ۔ مارچ (سیاست ڈاٹ کام) اپنے وقت کی ہٹ ہیروئین اور کرشمہ و کرینہ کپور کی والدہ ببیتا کا کہنا ہے کہ فلمی حلقوں میں جو یہ خبریں گشت کر رہی ہیں کہ امیتابھ بچن کے ساتھ ایک نئی فلم میں انہیں سائن کیا گیا ہے ، اس میں کوئی سچائی نہیں ہے ۔ یہ بات ضرور ہے کہ اس موضوع پر بات چیت ہوئی تھی لیکن بات چیت سے آگے کچھ بھی نہیں ہوا۔ جس کا نتیجہ یہ ہوا کہ فلم بینوں نے امیتابھ بچن ۔ ببیتا جوڑی کا انتظار کرنا شروع کردیا ۔ انہوں نے کہا کہ وہ فی الحال کرشمہ کی جاندار واپسی کیلئے مختلف اسکرپٹس دیکھ رہی ہیں۔د وسری طرف کرینہ کا کیریئر بھی اطمینان بخش ہے۔

یہ بات اپنی جگہ درست ہے کہ خود ببیتا بھی امیتابھ کے ساتھ کاسٹ کئے جانے کی خواہشمند ہیں جس طرح انہوں نے اپنے وقت کے تمام بڑے ہیروز جیسے راجندر کمار ، منوج کمار ، دھرمیندر ، جتیندر ، راجیش کھنہ ، بسواجیت، شمی کپور اور ششی کپور کے ساتھ کام کیا ہے ۔ اسی طرح وہ امیتابھ بچن کے ستاھ بھی ایک آدھ فلم کرلیتیں تو اچھا ہوتا۔ فی الحال تو ایسا ممکن نہیں ہے ۔ اگر کسی پروڈیوسر ڈائرکٹر نے بہت زیادہ دلچسپی دکھائی تو مستقبل قریب میں ہمارا یکجا ہونا ناممکن بھی نہیں۔ رندھیر کپور کے بارے میں پوچھے گئے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اب بڑھاپے میں بھی ان کا کیریئر ایک بار پھر عروج پر ہے جہاں انہیں ان کی عمر کے مطابق رول مل رہے ہیں جس پر وہ (ببیتا) بہت خوش ہیں۔