امیتابھ بچن کو کارنامہ حیات ایوارڈ آج کل اداکارائیں اونچے قد کی : بگ بی

نئی دہلی ۔ 3 ۔ فروری : ( سیاست ڈاٹ کام ) : میگا اسٹار امیتابھ بچن کو آج یہاں ایک تقریب میں کارنامہ حیات ایوارڈ سے نوازا گیا ۔ اس موقع پر 73 سالہ اداکار نے مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہیں اس بات پر بڑی خوشی ہوئی ہے کہ اس عمر میں بھی انہیں نئے نئے پراجکٹس ملتے ہیں ۔ این ڈی ٹی وی کی جانب سے منعقدہ انڈین آف دی ایر ایوارڈ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آج بھی رائٹرس انہیں ذہن میں رکھتے ہوئے رولز تحریر کرتے ہیں ۔ اس موقع پر ان کی اہلیہ جیہ بچن ، بیٹی شویتا اور بیٹے اداکار ابھیشک بچن بھی موجود تھے ۔ امیتابھ بچن نے کہا کہ انہیں اس بات کا اعزاز حاصل ہے کہ انہوں نے بالی ووڈ کی تین چار نسلوں کے ساتھ کام کیا ۔ امیتابھ بچن نے 1969 میں مرحوم خواجہ احمد عباس کی فلم ’ سات ہندوستانی ‘ سے اپنا فلمی کیرئیر شروع کیا تھا ۔ اس فلم میں ان کے ساتھ سنیل دت اور جلال آغا بھی تھے ۔ جنہوں نے آگے چل کر کافی شہرت حاصل کی ۔ تاہم یہ دونوں اداکار انتقال کر چکے ہیں ۔ امیتابھ بچن کا کہنا ہے کہ آج کی نئی نسل کے ہیرو اور ہیروئین دونوں کا قد اونچا ہے جو کہ ان کے زمانے میں شاذ و نادر ہی ہوا کرتا تھا ۔ ان کے زمانے میں نوتن ، ہیمامالنی قدآور شخصیات کی حامل تھیں ۔ تاہم اب دیپکاپڈوکون ، کرینہ کپور ، سشمیتا سین اور نئی نسل کی کئی اداکارائیں ہیں جن کا قد اونچا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ایک زمانے میں لوگ ان کی اور جیہ بچن کی جوڑی کا مذاق اڑایا کرتے تھے کیوں کہ امیتابھ کا قد اونچا تھا اور جیہ بچن کا قد بہت کم ۔ دونوں کو لوگ ازراہ مذاق 10 کا ہندسہ بھی کہا کرتے تھے ۔۔