امیتابھ بچن کو برانڈ ایمبیسڈر نامزد کرنے کی تجویز

حیدرآباد 30 ڈسمبر (سیاست نیوز) چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر کے چندرشیکھر راؤ حیدرآباد برانڈ ایمبیسڈر کی حیثیت سے بالی ووڈ سوپر اسٹار امیتابھ بچن کو نامزد کرنے پر سنجیدگی سے غور کررہے ہیں۔ باوثوق ذرائع نے یہ بات بتائی اور کہاکہ تلنگانہ میں قائم کی جانے والی فلم سٹی کے سنگ بنیاد تقریب (بھومی پوجا تقریب) میں بھی فلم اسٹار امیتابھ بچن کو خصوصی طور پر مدعو کئے جانے کے امکانات روشن ہیں اور اس مجوزہ سنگ بنیاد تقریب کے لئے ازخود چیف منسٹر کے چندرشیکھر راؤ ممبئی میں واقع امیتابھ بچن کی قیامگاہ پہونچ کر مدعو کرنے کا فیصلہ کرنے کی اطلاعات ہیں۔ یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ گزشتہ عرصہ کے دوران چیف منسٹر نے عالمی شہرت یافتہ ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا کو بھی ریاست تلنگانہ کیلئے برانڈ ایمبیسڈر نامزد کیا تھا۔