امور خارجہ کونسل میں مودی کی تقریر جامع اور معروضی،بی جے پی ترجمان سمبت پترا کا تبصرہ

نئی دہلی 30 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام ) بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی ) کے ترجمان سمبت پترا نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے واشنگٹن میں کونسل برائے امور خارجہ کے اجلاس پر ایک مکمل ،جامع اور معروضی تقریر کی ہے ۔ پترا نے کہا کہ یہ ایک انتہائی جامع تقریر تھی جس نے اندرون ملک اور عالمی سطح پر تمام مسائل سے نمٹنے کے بارے میں تبصرہ کیا گیا ہے ۔ انہوں نے ان کی حکومت کے کارناموں ،ہندوستان میں سرمایہ کاری کے فوائد پر روشنی ڈالی۔ بی جے پی کے ترجمان نے کہا کہ ہندوستان کی معیشت تین ستونوں پر منحصر ہے ۔ زرعی ،پیداواری اور خدمات شعبہ نریندر مودی نے کہا کہ 21 ویں صدی ہندوستان کی صدی ہوگی اور تمام سرمایہ کار ہندوستان میں سرمایہ کاری کیلئے آگے آئیں گے ۔ بی جے پی کے ترجمان نے کہا کہ کل وزیراعظم مودی نے کہا تھا کہ زراعت ،پیداوار اور خدمات نئے ہندوستان کی تعمیر میں مدد دینے والے تین اہم ستون ہیں۔ سمبت پترا نے وزیر اعظم کی ستائش کی کہ انہوں نے اس حقیقت کو اجاگر کیا ہے کہ سیاحت متحد کرتی ہے جبکہ دہشت گردی تقسیم کرتی ہے۔ انہوں نے خاص طو رپر دہشت گردی کے بارے میں پر زور بیان دیتے ہوئے کہا کہ اچھی یا بری دہشت گردی نہیں ہوتی ۔ ہر قسم کی دہشت گردی کی بیخ کرنی چاہئے ۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ عالم انسانیت کو دنیا بھر میں غیر انسانی قوتوں سے مقابلے کیلئے متحد ہوجانا چاہئے۔مودی نے کہا کہ دہشت گردی کے خطرہ پر سنجیدگی سے غور کرنا چاہئے کیونکہ یہ دنیا بھر کیلئے سب سے بڑا خطرہ ہے ۔