امن بات چیت میں عمران خاں کو شامل کرنے طالبان کا مطالبہ

پشاور ۔ یکم ۔ فروری : ( سیاست ڈاٹ کام ) : پاکستانی طالبان نے اس ممنوعہ گروپ کے ساتھ مذاکرات کے لیے وزیر اعظم نواز شریف کی طرف سے تشکیل دی جانے والی کمیٹی میں کرکٹر سے سیاست داں بننے والے عمران خاں اور سخت گیر مذہبی رہنما سمیع الحق کو بھی شامل کرنے کا مطالبہ کیا ہے ۔ طالبان کے ذرائع نے کہا کہ تحریک طالباتن پاکستان کی شوریٰ نے جس کا تین دن سے اجلاس جاری تھا مجوزہ کمیٹی میں آئی ایس آئی کے سابق سربراہ میجر ( ریٹائرڈ ) محمد عارف اور سابق سفیر رستم شاہ مہمند کی شمولیت پر اعتراض کیا ۔

تحریک طالبان پاکستان نے کمیٹی میں بابائے طالبان سمجھے جانے والے سمیع الحق کے علاوہ عمران خاں ، جماعت اسلامی کے قائدین سراج الحق اور محمد ابراہیم جھیتے العلماء ( فضل ) کے مفتی کفایت اللہ اور لال مسجد کے مولوی عبدالعزیز کو شامل کرنے کا مطالبہ بھی کیا ۔ طالبان کی شوریٰ نے حکومت سے بات چیت کے لیے اپنی 9 رکنی کمیٹی تشکیل دی ہے جس کی قیادت قاری شکیل کریں گے ۔ لال مسجد کے ایک انتہا پسند مولوی نے کہا ہے کہ بات چیت کی کامیابی کے لیے وہ دعا کریں گے لیکن بات چیت میں حصہ نہیں لیں گے ۔۔