امریکی ڈرون حملے میں حقانی نیٹ ورک کے کمانڈر کے بشمول تین افراد ہلاک

پشاور ۔ 24 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) افغان سرحد سے متصلہ پاکستان کے شورش زدہ علاقہ کرم ایجنسی میں ایک گھر کے قریب کئے گئے امریکی ڈرون حملے میں حقانی نٹ ورک کا ایک سرکردہ کمانڈر اور دیگر دو افراد ہلاک ہوگئے۔ خیبرپختون خواہ کی اورک زئی ایجنسی اور ضلع ہنگو کی سرحدوں پر واقع اسپین تھل کے ایک گھر پر امریکی ڈرون سے دو میزائیل داغے گئے تھے۔ حقانی نٹ ورک کے کمانڈر احسان عرف خاوری اور اس کے دو ساتھی شمالی وزیرستان میں کئے گئے اس حملہ میں ہلاک ہوئے ہیں۔ امریکی جاسوس طیاروں نے افغان پناہ گزینوں کے گھر کو نشانہ بناتے ہوئے یہ ڈرون حملہ کیا تھا۔ اورک زئی ایجنسی میں مقامی ذرائع نے کہا کہ حقانی نٹ ورک کے ٹھکانے پر یہ حملہ کیا گیا تھا۔ پاک افغان سرحد کے قریب کرم ایجنسی کے علاقہ بادشاہ کوٹ میں 17 جنوری کو اس سال کا پہلا ڈرون حملہ کیا گیا تھا جس میں ایک شخص ہلاک اور کئی دوسرے ہلاک ہوگئے تھے۔