امریکی پولیس فورس میں سکھوں کو پگڑی اور داڑھی کی اجازت

نیویارک ۔ 29 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) نیویارک پولیس ڈپارٹمنٹ نے اپنے سکھ افسران کو پگڑی باندھنے اور داڑھی رکھنے کی اجازت دی ہے اور اس طرح اپنی یکساں پالیسی میں تھوڑی سی نرمی کرتے ہوئے اقلیتی فرقہ کو پولیس فورس میں شامل ہونے کی ترغیب دینا اصل مقصد ہے۔ دریں اثناء نیویارک پولیس کمشنر جیمس اونیل نے نئے پولیس اہلکاروں کی بھرتی اور گریجویشن تقریب سے خطاب کے دوران یہ اعلان کیا اور کہا کہ اس طرح مختلف مذاہب سے تعلق رکھنے والے افسران کی حوصلہ افزائی ہوگی۔ نظرثانی شدہ پالیسی کے مطابق سکھ افسران کو دیڑھ انچ لمبی داڑھی رکھنے کی اجازت ہوگی۔ علاوہ ازیں سکھ افسران کو نیلے رنگ کی پگڑی جس کے ساتھ ایک ہیٹ شیلڈ بھی منسلک ہو، پہننے کی اجازت ہوگی جو دراصل روایتی پولیس کیاپ کی بجائے پہنی جائے گی۔ گریجویشن تقریب کے دوران مسٹر اونیل کے قریب سکھ افسران بھی ٹھہرے ہوئے تھے۔ انہوں نے مسکراتے ہوئے کہا کہ امریکی پولیس فورس کو بھی متنوع بنانے کی ہر ممکنہ کوشش کی جارہی ہے۔