امریکی وزیر خارجہ پانچ وسطی ایشیائی ممالک کے دورے پر

واشنگٹن ۔ 31  اکٹوبر۔(سیاست ڈاٹ کام) امریکی وزیر خارجہ جان کیری نے آج سے وسطی ایشیا کے پانچ ممالک کا پانچ روزہ دورہ شروع کر دیا ہے۔ مبصرین کے مطابق اس دورے کے دوران امریکی وزیر خارجہ وسطی ایشیائی رہنماؤں پر واضح کریں گے کہ امریکہ انہیں نظر انداز نہیں کر رہا۔ کیری اپنے پانچ روزہ دورے کی پہلی منزل کرغزستان کے دارالحکومت بشکیک پہنچ گئے ہیں۔ وہ کرغزستان کے صدر الماس بیگ اَتم بائیف اور وزیر خارجہ سے ملاقاتیں کریں گے۔ کرغزستان کے بعد وہ ازبکستان، قزاقستان، تاجکستان اور ترکمانستان جائیں گے۔ امریکی حکام کے مطابق وزیر خارجہ کے اس دورے کا وقت اس لئے انتہائی مناسب ہے کہ ان ریاستوں کو بیرونی دنیا سے اظہار اعتماد کی ضرورت ہے کیونکہ ان ملکوں کو اقتصادی اور سماجی دباؤ کا سامنا ہے۔