امریکی سوشیل سیکوریٹی طرز پر آدھار کارڈ کا استعمال

تمام ادائیگیوں کے لیے آدھار لازم ، بینکس و موبائل کمپنیوں سے حکومت کی بات چیت
حیدرآباد۔یکم۔ڈسمبر(سیاست نیوز) آدھار کارڈ امریکی سوشل سیکیوریٹی کی طرح استعمال ہوگا؟ حکومت کی جانب سے آدھار کارڈ کے ذریعہ ادائیگیوں کو یقینی بنانے کے متعلق منصوبہ بندی کی جا رہی ہے اور بینک کھاتہ رکھنے والوں کے پاس موجود تمام کارڈ کو یکجا کرتے ہوئے آدھار کے ذریعہ ادائیگی کے متعلق اقدامات کا آغاز کردیا گیا ہے۔ یونیک آئیڈینٹیفیکیشن اتھاریٹی آف انڈیا کے بموجب اس سلسلہ میں بینک ‘ موبائیل کمپنیوں کے علاوہ متعلقہ محکمہ جات سے بات چیت کا عمل شروع کردیا گیا ہے اور بہت جلد مختلف امور کو طئے کرلیا جائے گا۔مسٹر اجئے پانڈے ڈائریکٹر جنرل یو آئی ڈی اے آئی نے بتایا کہ ملک میں نقد لین دین سے پاک تجارت کے فروغ کے لئے حکومت کی کوششو ںکو عملی جامہ پہنانے کیلئے آدھار کارڈ کو ادائیگیوں سے مربوط کرنے کے اقدامات شروع کردیئے گئے ہیں اور بہت جلد آدھار کارڈ کے ذریعہ عوام خریدی کر پائیں گے اور یہ کارڈ ان کی ادائیگیوں و بقایاجات کا ریکارڈ رکھیں گے۔ بتایا جاتا ہے کہ آدھار کارڈ کے ذریعہ ادائیگی سے عوام کو کافی سہولت ہوگی اور اس سہولت کا سب سے اہم پہلو یہ ہوگا کہ انگلیوں کے نشان کے ذریعہ ادائیگی کی جا سکے گی کیونکہ آدھار کارڈ میں مکمل تفصیلات موجود ہیں جس کے سبب یہ کہا جا سکتا ہے کہ یہ کارڈ ہندستانی سوشل سیکیوریٹی کارڈ کے طرز پر استعمال کیا جانے لگا گا اور اس کارڈ کی اہمیت صرف شناخت کی حد تک نہیں رہ جائے گی بلکہ یہ کارڈ شناخت کے علاوہ ادائیگیوں اور ریکارڈس کو محفوظ کرنے کے کام آسکے گا۔ اتھاریٹی کے ذمہ داران کا کہنا ہے کہ وہ اس سمت تیزی سے پیشرفت کرتے جا رہے ہیں کیونکہ ان امور کو انجام دینے کیلئے یہ ضروری ہے کہ ملک میں محفوظ سائبر نظام ضروری ہے اس بات کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔ ذرائع کے بموجب آدھار کارڈ اور آدھار نمبر کے ذریعہ ادائیگی کے نظام کیلئے اتھاریٹی کی جانب سے تمام سرکردہ بینکوں کے علاوہ موبائیل کمپنیوں سے مذاکرات کا عمل شروع ہوچکا ہے اور چند امور قطعیت پا چکے ہیں اسی طرح آدھا رکی اہمیت و افادیت کے ساتھ اس کے ذریعہ ادائیگی کو یقینی بنانے کیلئے یو آئی ڈی اے آئی کی جانب سے نیتی آیوگ کے سرکردہ عہدیداروں سے مشاورت کی جا رہی ہے تاکہ اس منصوبہ کو عملی جامہ پہناتے ہوئے اسے دیہی علاقوں تک پہنچانے میں کسی قسم کی رکاوٹ نہ ہونے پائے اور نیتی آیوگ کے مشوروں کے ذریعہ ملک کے تمام طبقات تک رسائی کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔