امریکی اور اسرائیلی سفارتخانوں پر حملوں کے منصوبہ ساز محمد حسینی کی حوالگی

نئی دہلی۔یکم جون( سیاست ڈاٹ کام ) جنوبی ہندوستان میں امریکی اور اسرائیلی سفارتخانوں پر دہشت گرد حملوں کا منصوبہ بنانے والے ملایشیا میںگرفتار سری لنکا کے شہری کی حوالگی کا عمل تیز تر ہوگیا ہے ۔ ہندوستان نے دہشت گرد حملوں کے سازشی ملزم کے خلاف ریڈ کارنر نوٹس جاری کرنے کیلئے انٹرپول سے رجوع ہوکر کارروائی تیز کردی ہے۔ پندرہ دن قبل کوالالمپور کے قریب تیونگ میں ملایشیا پولیس کی جانب سے گرفتار کرلئے گئے محمد حسینی ہندوستان کومطلوب ہے ۔ اس نے چینائی میں امریکی قونصل خانہ اور بنگلور میں اسرائیلی قونصل خانہ پر دہشت گرد حملے کرنے کی سازش رچی تھی۔ ٹاملناڈو پولیس نے بھی حسینی کے خلاف غیر ضمانتی گرفتاری وارنٹ حاصل کرلیاہے جس کو فرانس کی انٹرپول ہیڈ کوارٹرس کو سفارتی چیانلوں کے ذریعہ روانہ کیا جائے گا تاکہ وہاں سے ریڈ کارنر نوٹس جاری کی جاسکے ۔ اس دوران ملایشیا کو بھی ایک عبوری درخواست روانہ کی گئی ہے

اور اس سے کہا گیا ہے کہ وہ محمد حسینی کی پوچھ گچھ کی رپورٹ فراہم کرے تاکہ اس تحقیقات میں ہوئی پیشرفت سے کچھ سراغ حاصل کیا جاسکے ۔ ذرائع کے مطابق حسینی نے ملایشیا کی پولیس کو بتایا کہ اس کو ہدایت ملی تھی کہ وہ چینائی اور بنگلور میں امریکی و اسرائیلی قونصل خانوں پر دہشت گرد حملے کرنے میں دو آدمیوں کی مدد کرے ۔ ملایشیا نے سری لنکا کے اس شہری سے حاصل کردہ معلومات کی بنیاد پرمبینہ سازش کا پتہ چلایا ہے کہ یہ لوگ امریکی اور اسرائیل کے قونصل خانوں پر حملوں کی سازش کررہے تھے ۔ پوچھ گچھ سے پتہ چلا کہ حسینی سری لنکا کا شہری ہے ‘ اس کیس میں مزید پیشرفت اس وقت ہوئی جب ملایشیا کے حکام نے غیر قانونی رقومات اور انسانی اسمگلنگ کی تحقیقات کی تھی ۔

حسینی نے مبینہ طور پر آئی ایس آئی عہدیداروں سے بات چیت کی تھی اور دو قونصل خانوں میں دہشت گرد حملوں کا منصوبہ بنایا تھا ۔ ملایشیا کے حکام کی جانب سے گرفتاری کے بعد ہی حسینی کے منصوبوں کا علم ہوا ہے ۔ اس نے کوالالمپور اور کولمبو میں ایجنسیوں کے ساتھ معلومات فراہم کئے ہیں ۔ حسینی سے پوچھ گچھ کرنے والے عہدیداروں کو بتایا کہ اس کو پاکستانی ہائی کمیشن میں ایک عہدیدار نے کرایہ پر حاصل کیا ہے ۔ یہ عہدیدار کولمبو میں پاکستانی ہائی کمیشن میں کام کرتا ہے ۔ حسینی کو 29اپریل کو گرفتار کیا گیا تھا ۔