امریکہ ۔چین تجارتی بات چیت کا احیاء

بیجنگ۔ یکم مئی (سیاست ڈاٹ کام) امریکہ اور چین کے اعلیٰ سطحی تجارتی مذاکرات کاروں نے چہارشنبہ کو ایک بار پھر بات چیت کا آغاز کیا تاکہ دونوں ممالک کے درمیان تجارتی کشیدگی کو ختم کیا جاسکے جس کی وجہ سے مختلف اشیاء کی قیمتوں میں ٹیکس کی زیادتی کی وجہ سے اضافہ ہوچکا ہے اور وہ تمام اشیاء ایک عام آدمی کی قوت خرید سے باہر ہوگئی ہیں۔ چین کے نائب وزیراعظم لیوہی جنہیں معاشی معاملات میں صدر جن پنگ کا قریبی رفیق تصور کیا جاتا ہے، نے امریکی تجارتی نمائندہ رابرٹ لائیتھیزر اور وزیر مالیات اسٹیوین نوچین سے ملاقات کی جس کے بارے میں امریکہ کا کہنا ہے کہ یہ بات چیت فیصلہ کن ثابت ہوگی۔ یاد رہے کہ امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی جانب سے گزشتہ سال شروع کی گئی تجارتی جنگ کی وجہ سے دونوں ممالک نے 360 بلین ڈالرس مالیت کی اشیاء پر زائد ٹیکس عائد کردیا ہے۔ اس موقع پر نوچین نے اخباری نمائندوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’’آپ سب کو ایک بار پھر دیکھ کر خوشی ہوئی۔ لیوہی نے بھی امریکی وفد کا خیرمقدمہ کرتے ہوئے کہا کہ آپ لوگوں کو یہاں دیکھ کر خوشی ہوئی۔