امریکہ کے فوجی مصارف میں 4.6 فیصد اضافہ

دنیا کے 5 ممالک کا دفاعی بجٹ عالمی فوجی مصارف کے 60 فیصد کے برابر
اسٹاک ہوم ،29اپریل (سیاست ڈاٹ کام) امریکی فوج کے اخراجات میں گزشتہ 7سال کے دوران پہلی بار اضافہ دیکھنے میں آیا ہے ۔ اسٹاک ہوم انٹرنیشنل پیس ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کی نئی رپورٹ کے مطابق امریکی فوجی اخراجات میں یہ اضافہ صدر ٹرمپ کی پالیسی کی عکاسی کرتا ہے ۔رپورٹ کے مطابق امریکہ کے فوجی اخراجات میں چار 4.6 فیصد اضافہ ہوا جو چھ سو انچاس ارب ڈالر تک پہنچ چکے ہیں۔2018 میں ہندوستان کے فوجی اخراجات 3.1 فیصد اضافے کے ساتھ چھیاسٹھ ارب پچاس کروڑ ڈالر تک پہنچ گئے ۔پاکستان کے فوجی اخراجات گیارہ فیصد اضافے کے ساتھ گیارہ ارب چالیس کروڑڈالر پر آگئے ہیں۔اسٹاک ہوم انٹرنیشنل پیس ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کی نئی رپورٹ کے مطابق صرف 5ملکوں کے فوجی اخراجات دنیا بھر کے مجموعی فوجی اخراجات کا 60فیصد ہیں، ان ملکوں میں امریکہ، چین، سعودی عرب، ہندوستان اور فرانس شامل ہیں۔