امریکہ کے ساتھ مذاکرات کیلئے ثالثی کی ضرورت نہیں : ایران

تہران ۔ یکم ؍ جون (سیاست ڈاٹ کام) ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف کا کہنا ہے کہ تہران کو امریکہ کے ساتھ مذاکرات کے لیے کسی ثالثی یا وساطت کار کی ضرورت نہیں ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ امریکہ کے ساتھ کسی بھی بات چیت کے لیے پیشگی شرط یہ ہے کہ واشنگٹن جوہری معاہدے پر عمل درامد کا اعلان کرے۔جمعے کی شام ایک ٹی وی انٹرویو میں ظریف نے مزید کہا کہ “امریکہ نے ہمارے عوام کے خلاف اقتصادی جنگ شروع کی … اس پالیسی کو روکا جانا چاہیے۔ جب یہ پالیسی رک جائے گی تو پھر فضا مکمل طور پر تبدیل ہو جائے گی”۔ایران کے وزیر خارجہ کا یہ بیان اْس موقف کے متضاد ہے جس کا اظہار انہوں نے گذشتہ ہفتے عراق کے دورے کے دوران کیا تھا۔ اس موقع پر عراقی وزیر خارجہ محمد علی الحکیم نے ایرانی وزیر کے کانوں میں یہ بات ڈالی تھی کہ ان کا ملک ایران اور امریکہ کے درمیان ثالثی کا کردار ادا کرے گا۔