امریکہ کی آبادی 32 کروڑ ہوگئی:رپورٹ

واشنگٹن۔ 30ڈسمبر۔( سیاست ڈاٹ کام )امریکہ کے محکمۂ شماریات کا کہنا ہے کہ 2014ء کے دوران امریکہ کی آبادی میں ایک فی صد سے کچھ کم شرح سے اضافہ ہوا ہے جو نئے سال کے آغاز تک 32 کروڑ کی حد عبور کرجائے گی۔پیر کو امریکی محکمۂ شماریات کی جانب سے جاری کیے جانے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ جنوری 2015ء میں امریکہ میں ہر آٹھ سیکنڈ میں ایک بچہ جنم لے گا جب کہ ہر 12 سیکنڈ میں ایک شخص کی موت واقع ہوگی۔بیان کے مطابق آئندہ برس ہر 33 سیکنڈ بعد ایک غیر ملکی تارکِ وطن امریکی آبادی کا حصہ بنے گا۔’سینسس بیورو’ کے مطابق پیدائش، اموات اور غیرملکیوں کی امریکہ کو نقل مقام کے نتیجے میں یکم جنوری کے بعد سے ہر 16 سیکنڈ بعد امریکی آبادی میں ایک شخص کا اضافہ ہورہا ہوگا۔بیان کے مطابق یکم جنوری کو امریکہ کی آبادی 32 کروڑ 90 ہزار 857 ہوجائے گی جو امریکہ میں یکم اپریل 2010ء کو کی جانے والی اب تک کی آخری مردم شماری سے 67ء3 فیصد (لگ بھگ ایک کروڑ 35 لاکھ نفوس) زیادہ ہے۔امریکہ دنیا کا تیسرا گنجان ترین ملک ہے اور دنیا کے صرف دو ممالک، چین اور ہندوستان ، آبادی میں امریکہ سے بڑے ہیں۔ چین کی آبادی ایک ارب 36 کروڑ اور ہندوستان کی سوا ایک ارب کے لگ بھگ ہے۔