امریکہ کو کشمیریوں کے خون کی کوئی پرواہ نہیں: چودھری نثار

اسلام آباد ۔ 28 ۔ جون (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان نے آج امریکہ پر ہندوستانی ’’زبان‘‘ بولنے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ کی نظروں میں کشمیریوں کے خون کی کوئی اہمیت نہیں ہے۔ یاد رہے کہ صرف ایک روز قبل صدر امریکہ ڈونالڈ ٹرمپ اور وزیراعظم ہندوستان نریندر مودی نے پاکستان کو سرحد پار دہشت گردی سے باز رہنے کے بیانات دیئے تھے جس پر شدید ردعمل ظاہر کرتے ہوئے پاکستانی وزیر داخلہ چودھری نثار نے کہا کہ حکومت ہند مبینہ طور پر کشمیر میں انسانی حقوق کو پامال کرنے کی مرتکب ہورہی ہے اور مجاہدین آزادی کو دہشت گرد کہہ رہی ہے ۔ انگریزی اخبار ڈان کی اطلاع کے مطابق چودھری نثار نے کہا کہ ایسے ممالک کو جو بااصول اقدار کے پابند ہیں ، کشمیر میں ہندوستان کی جانب سے کی جانے والی کارروائی کی مذمت کرنی چاہئے ۔ ایسا لگتا ہے کہ امریکہ کو کشمیریوں کے خون کی کوئی پرواہ نہیں ہے اور بین ا لاقوامی قوانین کا کشمیر پر اطلاق نہیں ہوتا۔