امریکہ: کرکٹ اسوسی ایشن معطل، کھلاڑیوں میں خوشی کی لہر

نیویارک، 29 جون (سیاست ڈاٹ کام) امریکہ میں کرکٹ اسوسی ایشن کی معطلی سے کھلاڑیوں کے چہرے خوشی سے کھل اٹھے، کیونکہ اب آئی سی سی کی نگرانی میں اوپن ٹرائلز پر منصفانہ انتخاب کا موقع ملے گا، اور مختلف حلقوں کی جانب سے فیصلے کا خیرمقدم کیا جا رہا ہے۔ امریکا کرکٹ فیڈریشن کو ملک میں کھیل کا کنٹرول سونپنے کا بھی مطالبہ سامنے آنے لگا۔ تفصیلات کے مطابق انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے بے ضابطگیوں اور بد انتظامی کی وجہ سے 2005ء کے بعد تیسری مرتبہ یو ایس اے کرکٹ اسوسی ایشن کو معطل کر دیا ہے۔ گورننگ باڈی کے اس فیصلے کو سوشل میڈیا پر خاص طور پر سراہا جا رہا ہے۔ کچھ لوگوں کا یہ بھی خیال ہے کہ آفیشل باڈی کی حریف امریکن کرکٹ فیڈریشن کو ہی ملک میں کھیل کا کنٹرول سونپ دینا چاہئے مگر آئی سی سی کی جانب سے واضح کیا جا چکا ہے کہ معطلی کے باوجود وہ یو ایس اے کرکٹ اسوسی ایشن کو ہی اپنا ممبر مانتے ہیں اور اسی میں بہتری لانے کی کوشش کی جائے گی۔ امریکن کرکٹ فیڈریشن بہت سی چیزوں میں آئی سی سی کے متعین معیار پر پورا نہیں اترتا، اس کی جانب سے مینس ایونٹس تو منعقد کئے جاتے ہیں۔ مگر اس کے پاس بنیادی سطح پر کھیل کے فروغ اور ویمنس کرکٹ کے حوالے سے کوئی پروگرام نہیں ہے۔ دوسرا یہ کہ اس کا مقام بھی آئی سی سی کی مقررہ کردہ حد سے نیچے ہے۔ گزشتہ سیزن میں اس نے 32 ہزار ڈالر کمائے جوکہ درکار حد سے 8 ہزار ڈالر کم ہیں۔ آئی سی سی نے اگرچہ امریکی اسوسی ایشن پر پابندی عائد کر دی مگر کھلاڑیوں کو بدستور ایونٹس میں حصہ لینے کی اجازت دی ہے۔ ویسٹ انڈیز کے ڈومیسٹک ونڈے ٹورنمنٹ میں حصہ لینے کیلئے ٹرائلز بھی اب آئی سی سی کی زیرنگرانی ہوں گے۔ کھلاڑی اس بات پر کافی خوش ہیں کیونکہ ان کو یقین ہے کہ اوپن ٹرائلز میں منصفانہ بنیاد پر ٹیم کا سلیکشن ہوگا۔