امریکہ میں 1.5 لاکھ ہندوستانیوں کو ملازمت کے ویزے حاصل ‘ حکومت

نئی دہلی 30 مارچ (سیاست ڈاٹ کام ) راجیہ سبھا کو آج مطلع کیا گیا کہ امریکہ میںتقریبا 1.5 لاکھ ہندوستانی شہریوں کو ملازمت پر مبنی ویزے جاری کئے گئے ہیں جبکہ 1.26 لاکھ ویزے ایچ ون بی جاب پرمٹس شامل ہیں۔ یہ ویزے 2016 تک جاری کئے جاچکے ہیں۔ تحریری سوالات کے جواب دیتے ہوئے منسٹر آف اسٹیٹ خارجی امور وی کے سنگھ نے کہا کہ تازہ ترین ڈاٹا امریکی اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ کی جانب سے جاری کیا گیا جس کے مطابق 2012 میں امریکہ میں غیر مقیم ہندوستانی جو قانونی مستقل قیام کا موقف رکھتے ہیں جو گرین کارڈ کی حیثیت سے بھی جانے جاتے ہیں ان کی تعداد 5.4 لاکھ تک ہے ۔ وزیر موصوف نے کہا کہ نئے ٹرمپ انتظامیہ نے ابھی تک نان امیگرنٹ ورک ویزا پروگرام میں تبدیلی سے متعلق کسی جامع پالیسی کا اعلان نہیں کیا ہے ۔

گائیکواڈ کو جاریہ پارلیمنٹ سشن تک
پرواز کی اجازت کا مطالبہ ‘شیوسینا
نئی دہلی 30 مارچ (سیاست ڈاٹ کام ) شیوسینا نے آج لوک سبھا اسپیکر سمترا مہاجن سے کہا کہ وہ جاریہ پارلیمنٹ سشن تک کیلئے ڈومیسٹک ائرلائینس کو پارٹی کے رکن لوک سبھا رویندر گائیکواڈ کے فضائی سفر پر امتناع کو برخواست کرنے کی ہدایت دیں۔ پارٹی نے کہا کہ گائیکواڈ بھی ایک دو دن میں اسپیکر سے ملاقات کرینگے ۔ پارٹی کے جنوبی ممبئی کے رکن لوک سبھا راہول شیوالے نے کہا کہ ہم نے آج اسپیکر سے ملاقات کی اور ان سے درخواست کی کہ حکام کو گائیکواڈ پر امتناع کو پارلیمنٹ کے جاریہ اجلاس تک ختم کرنے کی ہدایت دیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ اس مسئلہ کو آئندہ پارلیمنٹ سشن تک حل کرلیا جائیگا ۔