امریکہ میں پاکستانی سفارت کاروں کے لیے ٹیکس استثنٰیٰ معطل

واشنگٹن۔ یکم ؍ جون (سیاست ڈاٹ کام) ٹیکس معاملات پر اختلافات کے سبب واشنگٹن حکام نے ملک میں تعینات پاکستانی سفارت کاروں کے لیے ٹیکس سے استثنیٰ کی سہولت عارضی مدت کے لیے معطل کر دی ہے۔امریکہ میں تعینات پاکستانی سفارت کار بڑے بڑے ریستورانوں میں کھانے کھا کر اور عالی شان اسٹورز میں خریداری کر کے بڑے دھڑلے سے امریکی محکمہ خارجہ کی جانب سے دیے گئے ٹیکس استثنی کے کارڈز نکالتے اور کم قیمتیں ادا کرتے۔ اب ایسا نہیں ہو پائے گا۔ امریکا نے پاکستانی سفارت کاروں کے لیے ٹیکس سے استثنیٰ کی سہولت معطل کر دی ہے۔ اس بارے میں محکمہ خارجہ کی جانب سے یکم جون کو جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستانی سفارت کاروں اور ان کے رشتہ داروں کو مہیا کردہ یہ سہولت پندرہ مئی سے معطل کر دی گئی ہے۔ اس فیصلہ کی وجہ پاکستان میں تعینات امریکی سفارت کاروں کو اسی ضمن میں درپیش چند مسائل بتائی گئی ہے۔