امریکہ میں مقیم تلگو عوام کا تحفظ کیا جائے : مرلی دھر راو

حیدرآباد 28فروری (یواین آئی )بی جے پی کے قومی جنرل سکریٹری مرلی دھر راؤ نے امریکہ میں حیدرآبادی انجینئر کے سرینواس کی گولی مارکر ہلاک کرنے کے واقعہ پر گہرے دکھ کا اظہار کیا۔ انہوں نے لاش کے دیدار کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ غم زدہ ارکان خاندان سے جذباتی اور اخلاقی تعاون کرنے کیلئے پہونچے ۔ تمام تلگو بولنے والے اور تمام ہندوستانی اس دکھ میں سرینواس کے خاندان کے ساتھ ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ لاش کو لانے کیلئے وزیر خارجہ سشما سوراج نے مناسب اقدامات کئے ۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ میں چیلنجس کافی سنگین ہیں ۔ وہاں کام کرنے والے افراد کی زندگیوں اور سلامتی پر خدشات کا اظہار کیا جارہا ہے ۔ بی جے پی امریکی حکومت اور امریکی سماج کو انتباہ دیتی ہے کہ وہ جمہوری اقدار کی برقراری کیلئے پابند رہے اور وہاں کام کرنے والے لوگوں کے حق کا تحفظ کیا جائے ۔ قانونی طور پر امریکہ میں مقیم افراد کو کوئی خوف نہیں ہونا چاہئے ۔ ایسے واقعات امریکی حکومت اور عوام کیلئے سنگین چیلنج ہیں ۔اس مسئلہ کو ہندوستانی حکومت امریکہ کے ساتھ اٹھارہی ہے ۔ آنے والے دنوں میں ہندوستانی حکومت اس بات کی کوشش کرے گی کہ وہاں کام کرنے والے ہندوستانیوں میں عدم سلامتی کے خدشات کو دور کیا جائے ۔