امریکہ میں دوہرے قتل کے مجرم کو سزائے موت کی تعمیل

واشنگٹن 3 مئی ( سیاست ڈاٹ کام ) امریکی ریاست جارجیا میں2 افراد کے قاتل ایک شخص کی سزائے موت کی تعمیل کردی گئی ۔ کہا گیا ہے کہ52 سالہ اسکاٹی مارو کو جیکسن کی ایک جیل میں انجیکشن کے ذریعہ موت کی نیند سلادیا گیا ۔ اس پر الزام تھا کہ اس نے 1994 میں کرسمس کے فوری بعد اپنی سابقہ گرل فرینڈ کے گھر میں گھس کر فائرنگ کردی تھی ۔ اس وقت اس کی گرل فرینڈ اپنے دوستوں اور بچوں کے ساتھ تھی۔ مارو نے وہاں فائرنگ کرکے تین خواتین کو نشانہ بنایا تھا جن میں دو ہلاک ہوگئی تھیں۔ اسے 1999 میں سزائے موت سنائی گئی تھی تاہم بعد میں اس کے خلاف اپیل ہوئی اور طویل عدالتی کشاکش کے بعد بالآخر اس کی سزائے موت کو برقرار رکھا اور اس کی سزا کی تعمیل بھی کردی گئی ۔ 2019 میں امریکہ میں سزائے موت کا یہ پانچواں واقعہ ہے ۔