امریکہ میں برفانی طوفان کی تباہی،13 افراد ہلاک

نیویارک ، 30 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) امریکہ کی جنوبی ریاستوں میں ایک بار پھربرفانی طوفان نے آفت برپا کر دی ہے۔ زمینی اور فضائی ٹریفک متاثر جبکہ شہری گھروں میں پھنس کر رہ گئے ہیں، مختلف حادثات میں اب تک 13 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔ جنوبی ریاستوں میں ایک بار پھر برفانی طوفان نے نظام زندگی کو جما دیا ہے۔ ریاست ٹیکساس سے جارجیا اور جنوبی کیرولینا شدید برفباری کی لپیٹ میں ہیں۔ سات جنوبی ریاستوں میں
ہنگامی حالت نافذ ہے۔ ریاست جارجیا میں ایک اور الاباما میں پانچ افراد ہلاک ہوگئے۔ کئی ریاستوں میں صبح اسکول پہنچنے والے بچوں نے رات بھی اسکول میں ہی گزاری۔ جارجیا کے شہر اٹلانٹا میں ہزاروں افراد 18 گھنٹے سے زائد سڑکوں پر پھنسے رہے جبکہ 800 کے قریب ٹریفک حادثات پیش آئے۔ ورجینیا بیچ شہرکے ساحلی علاقوں میں 10 انچ برف پڑ چکی ہے۔ شمالی اور جنوبی کیرولینا میں شدید برف باری ہوئی ہے۔ سڑکوں اور پلوں پر سے برف ہٹانے کا کام جاری ہے۔

توہین رسالت پر سزائے موت
برطانوی وزیر اعظم کو تحفظات
لندن ، 30 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) برطانوی وزیر اعظم ڈیوڈ کیمرون نے پاکستان میں مبینہ طور پر ذہنی عارضے کے شکار ایک پاکستانی نژاد برطانوی شہری کو توہین رسالت صلعم کے جرم میں سزائے موت سنائے جانے پر تحفظات کا اظہار کیا ہے۔ وزیر اعظم نے پارلیمنٹ سے خطاب میں کہا ہے کہ انہوں نے برطانوی شہری محمد اصغر کو سزائے موت سنائے جانے پر اسلام آباد حکام کو اپنی تشویش سے آگاہ کر دیا ہے۔ اصغر چالیس برس تک برطانیہ میں مقیم رہا اور اس کا کنبہ اب بھی برطانیہ میں ہی سکونت پذیر ہے۔گزشتہ ہفتے پاکستان کی ایک عدالت نے پیغمبر اسلام ہونے کا دعویٰ کرنے پر اصغر کو سزائے موت سنائی تھی۔