امریکہ میں ایک یہودی عبادت گاہ پر فائرنگ، ایک یہودی عالم زخمی

پووے (امریکہ) ۔ 29 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) ایک یہودی عالم (ربی) جو ایک یہودی عبادتخانے میں گذشتہ اتوار کو وعظ کررہا تھا ، اچانک فائرنگ کے نتیجہ میں زخمی ہوگیا لیکن زخمی ہونے کے باوجود بھی اس نے وعظ کا سلسلہ جاری رکھا اور کہا کہ ’’مخالف سامیت‘‘ کے ذریعہ ’’بے مقصد منافرت‘‘ پھیلا کر یہودیوں کو خوفزدہ نہیں کیا جاسکتا۔ ایک 60 سالہ یہودی عورت لوری کائے اس حملے میں ہلاک ہوگئی اور جنوبی کیلیفورنیا کے علاقے میں ایک یہودی عبادتگاہ پر ایک آدمی کی فائرنگ کرنے کے باعث 3 افراد زخمی ہوگئے۔ پولیس نے حملہ آور کی شناخت 19 سالہ جان آرٹسٹ کی حیثیت سے کی ہے جس نے حملہ سے قبل انتہائی غصہ میں یہودیوں کے خلاف بعض باتیں کہی تھیں۔ حملہ آور نے یہ بھی دعویٰ کیا ہیکہ اس نے کئی ہفتوں قبل اس علاقے کی ایک مسجد میں آگ بھی لگائی تھی۔ کاؤنٹی شریف کے محکمہ ریکارڈ کے مطابق ارٹسٹ پر ایک قتل اور تین اقدام قتل کے الزامات کے سلسلہ میں مقدمہ چلایا جائے گا اور یکم ؍ مئی سے اس کے مقدمہ کی شروعات ہوگی۔