امریکہ سے امداد نہیں عزت چاہتے ہیں : خواجہ آصف

 

اسلام آباد۔ 25 اکتوبر۔(سیاست ڈاٹ کام) پاکستانی وزیر خارجہ خواجہ آصف نے کہاکہ پاکستان، امریکہ سے معاشی امداد اور اسلحہ نہیں چاہتا بلکہ اعتماد اور عزت و وقار کے ساتھ دوستی رکھنا چاہتا ہے۔بی بی سی کی ایک رپورٹ کے مطابق خواجہ آصف نے کہا کہ پاکستان اور امریکہ کے تعلقات کو بہتر بنانے کیلئے جو کوششیں کی جارہی ہیں وہ اطمینان بخش ہیں جس سے صورتحال مزید بہتر ہوجائیگی۔ان کا مزید کہنا تھا کہ پاک امریکہ تعلقات میں اعتماد فوری طور پر دوبارہ قائم نہیں ہو سکتا کیونکہ دونوں ممالک کے درمیان گزشتہ کئی سالوں سے تعلقات پر جمود طاری ہے۔ انھوںنے پاکستان کے لیے امریکی رویے کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے امریکہ کے ساتھ اپنی دیرینہ دوستی کے نتائج بھگتے ہیں اور ان سے آج بھی نبرد آزما ہے۔پاکستان میں جاری دہشت گردی کے حوالے سے اُن کا کہنا تھا کہ پاکستان نے افغانستان میں دہشت گردی کے خلاف امریکی جنگ کے نتیجے میں 70 ہزار سے زائد جانوں کے نذرانے دیئے، کھربوں روپے کا نقصان ہوا اور پاکستان کا پر امن معاشرہ تباہ ہوگیا۔ وزیر خارجہ نے واضح کیا کہ اسلام آباد، واشنگٹن کے ساتھ دوستی کے نقصانات کا ازالہ کر رہا ہے جس میں پوری پاکستانی قوم بھی متحد ہے۔پاک ۔امریکہ تعلقات میں تناؤ پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ معاملات دھمکی سے نہیں بلکہ صلح کے ذریعے حل ہو سکتے ہیں۔

سعودی عرب کے دورے کے بعد
نواز شریف پاکستان آئیں گے : حسن نواز
اسلام آباد۔ 25 اکتوبر۔(سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کے معزول وزیراعظم نواز شریف کے بیٹے حسن نواز نے ان خبروں کی تردید کی ہے کہ ان کے والد سعودی عرب کے دورے کے بعد پاکستان نہیں لوٹیں گے ۔ حسن نواز نے واضح کرتے ہوئے کہا کہ ان کے والد سعودی عرب کے دورے کے بعد پاکستان آئیں گے اور قومی احتساب بیورو (نیب) کے سامنے پیش ہوں گے جس نے انہیں نااہل اور العزیزیہ اسٹیل ملز کیس میں مجرم قرار دیاہے ۔اس دوران نواز شریف کی بیٹی مریم نواز نے ایک تازہ ٹویٹ میں کہا کہ ان کی والدہ کلثوم نواز کو دوبارہ ہاسپٹل میں داخل کرانا پڑا ہے ۔نواز شریف اس ماہ کے اوائل میں اپنی بیمار اہلیہ کو دیکھنے کے لئے برطانیہ گئے تھے اور اس کے بعد وہ سعودی عرب کے دورے پر چلے گئے ۔