امریکہ خود اپنے ویزا کی پاسداری کرے: حکومت

نئی دہلی ۔ 30 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) وزارت امورخارجہ نے امریکی عہدیداروں سے خواہش کی ہیکہ وہ خود اپنے سفارتخانوں اور قونصل خانوں سے جاری کئے جانے والے ویزا کی پاسداری کریں۔ امریکی ایمگریشن عہدیداروں کی جانب سے بے شمار ہندوستانی طلبہ کو داخلہ سے روک دینے کے پس منظر میں یہ بات کہی گئی۔ ان طلبہ کو کیلیفورنیا کی دو یونیورسٹیز میں داخلہ دیا گیا تھا جنہیں بلیک لسٹ کردیا گیا ہے۔ مرکز نے تمام ہندوستانی شہریوں کو جو امریکہ کا سفر کررہے ہیں، یہ مشورہ دیا کہ وہ تمام ضروری دستاویزات کو اپنے ساتھ رکھیں۔ واضح رہیکہ طلبہ کے علاوہ کئی تاجرین اور سیاحوں کو بھی امریکہ کے اسے منفی طرزعمل کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ دوسری طرف امریکہ نے کہا ہیکہ کارآمد ویزا کے باوجود انہیں داخلہ سے روکنے کے فیصلہ کا دونوں یونیورسٹیز کو بلیک لسٹ قرار دینے سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ بعض انفرادی افراد نے ایمگریشن عہدیداروں کو غیرتسلی بخش معلومات فراہم کی جس کی وجہ سے انہیں داخل ہونے سے روک دیا گیا۔ وزارت امورخارجہ نے اپنے شہریوں کو جاری کردہ ہدایات میں کہا ہیکہ امریکی حکام کو چاہئے کہ وہ خود اپنے سفارتخانوں؍ قونصل خانوں سے جاری کردہ ویزا کی پاسداری کریں۔