امریکہ اور قطر کا دہشت گردوں کی مالی امداد کرنے والوں کے متعلق معلومات کے تبادلے پر اتفاق

لندن۔ 31 اکتوبر (سیاست ڈاٹ کام)امریکہ اور قطر نے شدت پسند گروہوں کی مالی معاونت پر قابو پانے کے لیے امریکہ کے ساتھ انسدادِ دہشت گردی کے شعبے میں تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا ہے۔ یہ بات اس مشترکہ بیان میں کہی گئی ہے جو امریکی وزیر خزانہ سٹیون منوشن کے دورہ قطر کے دوران جاری کیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ امریکہ نے مئی کے مہینے میں دہشت گرد گروہوں کی مالی مدد ختم کرنے کے لیے ایک مہم کا اعلان کیا تھا۔اسی سلسلے میں منوشن ایک ہفتے سے مختلف ممالک کے دورے پر تھے جس کے دوران قطر ان کا آخری پڑاؤ تھا۔انھوں نے اس سے قبل اسرائیل، متحدہ عرب امارات اور سعودی عرب کا دورہ بھی کیا تھا۔بیان میں کہا گیا ہے کہ قطری حکام کے ساتھ دوحہ میں مذاکرات کے دوران منوشن کا کہنا تھا ’دونوں ممالک نے دہشت گردوں کو مالی مدد فراہم کرنے والوں کے بارے میں معلومات کے تبادلے کو بڑھانے پر اتفاق کیا ہے جس میں زیادہ توجہ قطر میں خیراتی اداروں اور رقم کی تقسیم و ترسیل کے کاروبار سے وابستہ شعبوں پر دی جائے گی۔’سعودی عرب، بحرین، متحدہ عرب امارات اور مصر کی جانب سے سفارتی اور تجارتی پابندیوں کے پانچ ماہ بعد قطر یہ ظاہر کرنا چاہتا ہے کہ وہ انسداد دہشت گردی کے سلسلے میں تعاون کر رہا ہے۔سعودی عرب اور دیگر اتحادی ممالک نے گیس کی دولت سے مالا مال ملک قطر پر دہشت گردوں کی مالی معاونت اور ایران کے ساتھ تعاون کا الزام لگایا تھا جس سے قطر انکار کرتا رہا ہے۔