امریکہ اور ترکی کے درمیان دفاعی مفادات پر بات چیت

واشنگٹن۔ 17اپریل (سیاست ڈاٹ کام) امریکہ کے کارگزار وزیر دفاع پیٹرک شنہان نے مشترکہ دفاعی مفادات پرترکی کے وزیر دفاع حلوصی آکار کے ساتھ بات چیت کی ہے ۔امریکی وزارت دفاع ’’پینٹگان ‘‘کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ مسٹر شنہا ن اور مسٹر حلوصی آکارنے امریکہ اور ترکی کے درمیان باہمی تعاون اور ناٹو کے اتحادی ملک کے طور پر دونوں ممالک کے لئے مشترکہ سکیورٹی اور اقتصادی خوشحالی حاصل کرنے کی اہمیت پر تبادلہ خیال کیا۔بیان میں کہا گیا کہ دونوں وزراء نے اسٹریٹجک پارٹنر کے طور پر ملاقات کی اور بات چیت کے دوران اپنی اپنی صورتحال کی بجائے مفادات پر تبادلہ خیال کیا۔ پینٹگان نے دونوں وزراء کے درمیان ملاقات کی تفصیل نہیں بتائی ۔ امریکہ نے روس سے ایس -400 فضائی دفاعی نظام کی خریداری کے سلسلے میں ترکی سے ناراضگی ظاہر کی ہے ۔ گزشتہ تین اپریل کو امریکی نائب صدر مائیک پینس نے روس سے اس دفاعی نظام کی خریداری کے خلاف ترکی کو خبردار کیا تھا لیکن ترکی اپنے فیصلے پر قائم ہے ۔