امریکہ اتنی عزت کا حق دار نہیں: حنا ربانی کھر

اسلام آباد 13 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کی سابق وزیرِ خارجہ اور پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کی رکن حنا ربانی کھر نے کہا ہے کہ پاکستان کو امریکہ سے روابط بہتر کرنے سے پہلے اپنے پڑوسی ممالک کے ساتھ تعلقات کو بہتر کرنے چاہیے۔وفاقی دارالحکومت میں پاک امریکہ تعلقات سے متعلق ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے حنا ربانی کھر نے کہا کہ پاکستان میں امریکہ کو جتنی عزت دی جاتی ہے وہ اتنی عزت کا حق دار نہیں ہے کیونکہ ہماری معیشت امریکی امداد پر انحصار نہیں کرتی۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان ہمیشہ اپنے آپ کو ایک دفاعی شراکت دار تصور کرتا ہے لیکن یہ حقیقت سے بہت دور ہے۔حنا ربانی کھر کا کہنا تھا کہ پاکستان کے لیے اہم ترین ممالک اس کے پڑوسی ایران ، افغانستان، ہندوستان اور چین ہیں اور امریکہ سے تعلقات بہتر بنانے کے بجائے پہلے ان ممالک کے ساتھ تعلقات کو بہتر کرنا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ اسلام آباد نے کسی ملک کا دفاعی شراکت دار بننے کے بجائے خاموش ریاست کا کردار ادا کیا ہے۔