امتیازی کامیابی کیلئے سخت محنت کا مشورہ

نارائن پیٹ میں تربیتی پروگرام سے ماہر ریاضی فصیح الدین کا خطاب
نارائن پیٹ۔/28فبروری، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) وقت ضائع کئے بغیر اپنے مقررہ منصوبے اور نشانہ کی تکمیل کے ارادہ کے ساتھ سخت محنت کے ذریعہ امتحانات میں نمبر ایک پوزیشن حاصل کرسکتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار جناب محمد فصیح الدین ماہر ریاضی نے نارائن پیٹ کے آدرشا ہائی اسکول میںمنعقدہ 20 روزہ تربیتی پروگرام جس میں نارائن پیٹ ڈیویژن سطح کے تمام ہائی اسکولوں سے منتخب ذہین طلباء کو ایس ایس سی امتحانات میں امتیازی نشانات سے کامیاب کرنے کے لئے رکھا گیا ہے، مخاطب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ مضمون ریاضی کو کوئی مشکل مضمون نہ سمجھیں، ٹیچر پڑھاتے وقت پوری توجہ سے سنیں اور سمجھیں تو یہ مضمون بالکل ہی آسان معلوم ہوگا۔ اس امپاکٹ پروگرام میں مشکل مضامین پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے۔ مسٹر فصیح الدین نے کہا کہ ایس ایس سی ہماری زندگی کے ایک موڑ کی حیثیت رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ امتحانات کے موقع پر گھبرانے کی ضرورت نہیں ہے بلکہ صبر و سکون کے ساتھ خوب محنت کیجئے اور امتحان میں بھی جلد بازی کا مظاہرہ نہ کریں بلکہ پہلے تمام سوالات کا مطالعہ کیجئے اور پہلے جو جواب یاد ہیں ان کو لکھتے جائیں۔ اس موقع پر ڈپٹی ڈی او نارائن پیٹ مسٹر وحید نثار، جی ایچ ایم غلام رسول، عبدالرؤف حسام الدین، عبدالواحد، وجئے کمار، سنجیندر راؤ، دتو راؤ، جلال الدین موجود تھے۔