امبیڈکر میموریل کیلئے زبردستی بھومی پوجا کرنے کانگریس کا اعلان

ممبئی ۔ 30 ۔ مارچ : ( سیاست ڈاٹ کام) : اپوزیشن کانگریس نے آج کہا ہے کہ ڈاکٹر بی آر امبیڈکر کی یادگار تعمیر کرنے کے لیے 14 اپریل کو پارٹی کارکن بھومی پوجا انجام دیں گے ۔ اگر بی جے پی کی زیر قیادت حکومت اس وقت تک ایسا کرنے میں ناکام ہوجائے ۔ ممبئی ریجنل کانگریس کمیٹی صدر سنجے نروپم نے آج بتایا کہ ہم انتظار میں ہے کہ حکومت خود اس اراضی پر میموریل کی تعمیر کے لیے بھومی پوجا انجام دے جس کی منظوری یو پی اے حکومت کے دوران ے دی گئی تھی ۔ اگر حکومت ایسا کرنے میں ناکام ہوجائے تو ہم انڈومل میں داخل ہوجائیں گے اور بھومی پوجن انجام دیں گے ۔ سابق ایم پی نروپم نے کہا کہ یہ مایوس کن بات ہے کہ چیف منسٹر دیویندر فڈنویس بھومی پوجن انجام دینے کی بجائے یوروپ کے دورہ پر جارہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ امبیڈکر میموریل کے تعمیر میں تاخیر سے دلتوں میں اضطراب پیدا ہوگیا ۔