امباٹی رائیڈو کے عدم انتخاب پر چیف سلیکٹرکی وضاحت

ممبئی ۔16 اپریل (سیاست ڈاٹ کام ) ہندستانی چیف سلیکٹر ایم ایس کے پرساد نے ورلڈ کپ ٹیم کے لئے 15 رکنی ٹیم کا اعلان کرنے کے بعد کہا کہ نمبر چار کے لئے تجربہ کاربیٹسمین امباٹی رائیڈو کا دعوی نہیں بن پایا۔ ہندوستانی ٹیم میں رائیڈو کو شامل نہ کئے جانے پر تنقید کی جارہی ہیں لیکن اس کا جواب دیتے ہوئے پرساد نے کہاکہ 2017 کی چمپئنز ٹرافی کے بعد ہم نے کچھ مڈل آرڈر کو آزمایا اور اس ترتیب میں دنیش کارتک، شریس ایر اور منیش پانڈے شامل تھے۔ ہم نے رائیڈو کو بھی کچھ اور موقع دیئے ، لیکن وجے شنکر ہمیں اپنی افادیت کی وجہ سے بہت بہتر لگے۔ پرساد نے کہاکہ شنکر بیٹنگ کے ساتھ بولنگ بھی کر سکتے ہیں۔ انگلینڈ میں بولنگ کے ہوتی ہیں اس میں وہ کامیاب ہو سکتے ہیں۔ ساتھ ہی وہ ایک بہترین فیلڈر بھی ہیں۔ یہ چیزیں شنکر کے حق میں گئیں۔ ہم انہیں نمبر چار پر بھی اتار سکتے ہیں۔ اس ترتیب پر دنیش کارتک اور کیدار جادھو بھی ہو سکتے ہیں۔ ہمارے پاس ابھی نمبر چار کے لئے بہت سے متبادل ہو گئے ہیں۔ رائیڈو گزشتہ ورلڈکپ میں ہندستانی ٹیم کا حصہ تھے اور اس مرتبہ ٹیم میں جگہ بنانے کے دعویدار مانے جا رہے تھے لیکن وہ سلیکٹرزکو آخر میں متاثر نہیں کر سکے۔ پرساد نے کہاکہ ایسا نہیں ہے کہ حالات رائیڈو کے خلاف گئے ہیں بلکہ کچھ چیزیں شنکر کے حق میں گئی ہیں۔ ٹیموں کو 23 مئی تک اپنے عملے میں تبدیلی کرنے کی اجازت رہے گی اور اس کے لیے انہیں آئی سی سی کی ٹیکنیکل کمیٹی کی اجازت لازمی نہیں ہے اگرچہ پرساد نے کہا کہ زخمی ہونے کی صورت میں ہی ٹیم میں کوئی تبدیلی کی جائے گی۔