امام الحق نے صرف 2 دن میں فخر زماں کا ریکارڈ توڑدیا

برسٹل ۔15مئی (سیاست ڈاٹ کام ) پاکستان کے نوجوان اوپنر امام الحق نے انگلینڈ کے خلاف تیسرے ونڈے میچ میں شاندار سنچری اسکور کرنے کے ساتھ ساتھ نیا ریکارڈ بھی اپنے نام کر لیا۔ برسٹل میں سیریز کے تیسرے ونڈے میچ میں امام الحق نے ٹیم کی دو وکٹیں جلد گرنے کے بعد شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے عمدہ سنچری اسکور کی۔انہوں نے 151 رنز کی اننگز کھیلی اور اس کے ساتھ ہی فخر زمان کو ریکارڈ سے محروم کرتے ہوئے انگلینڈ کے خلاف سب سے بڑی اننگز کھیلنے والے پاکستانی بیٹسمین کا اعزاز اپنے نام کر لیا۔ دو دن قبل ہی فخر نے دوسرے ونڈے میچ میں بہترین بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 138رنز کی اننگز کھیل کر انگلینڈ کے خلاف سب سے بڑی اننگز کھیلنے والے پاکستانی بن گئے تھے۔ فخر نے سابق کرکٹر اعجاز احمد کو اس ریکارڈ سے محروم کیا تھا جنہوں نے 7 اپریل 1999 کو شارجہ میں 137 رنز کی اننگز کھیلی تھی۔ تاہم فخر کا یہ ریکارڈ دو دن بھی برقرار نہ رہ سکا اور امام الحق نے 151رنز کی اننگز کھیل کر یہ ریکارڈ اپنے نام کر لیا۔