الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں میں دھاندلیوں پر الیکشن کمیشن خاموش

وی وی پیاٹ کی رائے شماری کا مطالبہ، پردیش کانگریس ترجمان دیاکر کی پریس کانفرنس
حیدرآباد ۔ 30 ۔ جنوری (سیاست نیوز) پردیش کانگریس کمیٹی کے ترجمان اے دیاکر نے الیکشن کمیشن سے مطالبہ کیا کہ اسمبلی انتخابات میں استعمال کئے گئے ووٹنگ مشینوں سے منسلک وی وی پیاڈ کی رائے شماری کی جائے کیونکہ مشینوں میں الٹ پھیر کی شکایات ملی ہیں۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے اے دیاکر نے الیکشن کمیشن کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ انتخابی نتائج کے 45 دن گزرنے کے باوجود ابھی تک کمیشن نے اس بارے میں کسی ردعمل کا اظہار نہیں کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ انتخابی قواعد کے اعتبار سے ای وی ایم مشینوں میں دھاندلیوں کے خلاف عدالت میں درخواست داخل کی گئی۔ کانگریس پارٹی وی وی پیاڈ کی گنتی کا مطالبہ کر رہی ہے۔ الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ وی وی پیاڈ پر انتخابی نشان کی سیاہی پانچ برسوں تک برقرار رہتی ہے۔ ابھی تک 40 روز گزر چکے ہیں لیکن الیکشن کمیشن نے کوئی جواب نہیں دیا۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن وی وی پیاڈ کی رائے شماری کیلئے تیار نہیں ہے ۔ پی سی سی ترجمان نے کہا کہ مزید وقت گزرنے کی صورت میں شواہد کو بگاڑنے کا اندیشہ رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ نئے ای وی ایم مشینوں کو متعارف کرتے ہوئے کانگریس کو اطلاع تک نہیں دی گئی ۔ انہوں نے کہا کہ رائے دہی کے بعد ای وی ایم مشینوں کو اسٹرانگ روم میں محفوظ کیا جانا چاہئے لیکن یہاں پر خانگی عمارتوں میں مشینوں کو منتقل کرتے ہوئے 12 گھنٹے بعد اسٹرانگ روم منتقل کیا گیا ۔ فہرست رائے دہندگان سے 22 لاکھ رائے دہندوں کے نام حذف کردیئے گئے اور رائے دہی کے بعد چیف الیکٹورل آفیسر رجت کمار معذرت خواہی کر رہے ہیں۔ کانگریس پارٹی الیکشن کمیشن کو مکتوب روانہ کر رہی ہے کہ آئندہ انتخابات میں وی وی پیاڈ پر پرنٹ ہونے کے بعد اس کی نقل علحدہ باکس میں محفوظ کی جائے تاکہ ضرورت پڑنے پر ان کی گنتی کی جا سکے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ اسمبلی انتخابات میں کے سی آر کی اسکیمات سے کامیابی نہیں ملی بلکہ چور دروازہ سے بے قاعدگیوں کے ذریعہ ٹی آر ایس کو کامیابی ملی ہے۔ پارٹی ترجمان نے کہا کہ تلنگانہ میں تمام اسمبلی نشستوں پر کانگریس مقابلہ کرے گی ۔ انتخابی حکمت عملی طئے کرنے کیلئے یکم اور 2 فروری کو اجلاس منعقد ہوگا جس میں منڈل سطح کے قائدین کو مدعو کیا جائے گا ۔ اے دیاکر نے کہا کہ وہ پارٹی ہائی کمان کی ہدایت کے مطابق لوک سبھا انتخابات میں حصہ لیں گے ۔