…: الیکشن کمیشن کی کارروائیاں : …

ویب سیریز ’مودی: جرنی آف اے کامن مین‘ پر پابندی
نئی دہلی، 20 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) الیکشن کمیشن نے وزیراعظم نریندر مودی کی زندگی پر مبنی ویب سیریز ‘مودی : جرنی آف اے کامن مین’ کے ٹیلی کاسٹ پر ہفتہ کے روز پابندی عائد کردی۔ الیکشن کمیشن نے یہاں جاری ایک حکمنامہ میں کہا کہ ویب سیریز کے موضوع سے انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی ہورہی ہے ۔ اس لئے اسے فوراً ہٹا دیا جانا چاہیے ۔ کمیشن نے کہا کہ انتخابی عمل کے دوران کسی لیڈر کی سوانح عمری یا خود نوشت پر مبنی کسی مواد کی اشاعت جس سے انتخابی عمل کی غیر جانبداری اور آزادی متاثر ہوتی ہو، نہیں کی جاسکتی۔ کمیشن نے کہا کہ پیش کردہ ویب سیریز وزیراعظم مودی کی زندگی پر مبنی ہے ۔ وہ ایک لیڈر اور جاریہ لوک سبھا انتخابات میں امیدوار ہیں۔ اس لئے اس ویب سیریز کی اشاعت کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔ کمیشن کے یہ احکام فوری طور پر نافذ سمجھے جائیں گے ۔ اس سے قبل کمیشن نے وزیراعظم مودی کی زندگی پر مبنی فلم ‘پی ایم مودی’ کی ریلیز پر روک لگائی تھی۔

پرگیہ سنگھ ، نوجوت سدھو کو علحدہ شکایتوں پر نوٹس
دریں اثناء الیکشن کمیشن نے مالیگاؤں دھماکہ کی ملزمہ اور بی جے پی امیدوار برائے لوک سبھا حلقہ بھوپال پرگیہ سنگھ ٹھاکر اور سابق کرکٹر و کانگریس لیڈر نوجوت سنگھ سدھو کو انتخابی ضابطہ اخلاق کی علحدہ شکایات پر نوٹس جاری کئے۔ پرگیہ نے دو روز قبل 26/11 کے شہید ہیمنت کرکرے کے خلاف قابل اعتراض ریمارکس کئے تھے۔ پرگیہ نے شدید مذمت پر ایک روز بیان سے دستبرداری اختیار کرلی تھی۔ سدھو کو مسلمانوں سے مودی کو ہرانے کی اپیل پر نوٹس دی گئی ہے۔سدھو نے مودی کو نوٹ بندی اور جی ایس ٹی پر چیلنج بھی پیش کئے تھے۔