الیکشن ریالی میں دھماکہ، پانچ افراد ہلاک

پشاور ۔ 13 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) شمال مغربی پاکستان میں ایک الیکشن ریالی میں ہوئے بم دھماکہ میں کم و بیش پانچ افراد ہلاک اور دیگر 37 جن میں ایک اسلامی پارٹی کے سینئر قائد بھی شامل ہیں، زخمی ہوگئے۔ 25 جولائی کو پاکستان میں منعقد شدنی عام انتخابات سے قبل کسی سیاسی ریالی پر کیا جانے والا یہ تیسرا حملہ ہے۔ اطلاعات کے مطابق شمالی وزیرستان قبائلی ڈسٹرکٹ کی سرحد سے قریب بنو ڈسٹرکٹ میں کئے گئے حملہ میں سابق وفاقی وزیر اور جمعیتہ علمائے اسلام ۔ فضل (JUI-F) کے قائد اکرم درانی بھی معمولی طور پر زخمی ہوئے ہیں۔ دھماکو آلات ایک موٹربائیک میں نصب کئے گئے تھے جو درانی کی بائیک سے قریب تھی۔ دھماکہ ہوتے ہی ان کی گاڑی کے بھی پرخچے اڑ گئے۔ درانی متحدہ مجلس عمل (MMA) کے امیدوار ہیں جو دراصل قدامت پسند، اسلامی، مذہبی اور دائیں بازو کی پارٹیوں پر مشتمل ہے۔