الماری بھی توجہ چاہتی ہے

آپ کی الماری، آپ کے ذوق، آپ کی شخصیت اور آپ کے پورے کردار کی عکاس ہوتی ہے۔ ضروری نہیں کہ آپ ہر موسم اور ہر فیشن کے ساتھ اپنی وارڈ روب بھی تبدیل کریں لیکن کم از کم آپ کی الماری سلیقے سے ترتیب دی گئی ضرور ہونی چاہئے۔ جس گھر میں الماریوں کے دروازے اور ان کے لاک ٹوٹے ہوئے ہوتے ہیں اور الماریوں میں سے کپڑوں کا گودڑ یا پرانا سامان باہر نکل کر آتے جاتے لوگوں کا منہ چڑا رہا ہوتا ہے، اس گھر کی خواتین کو پھوہڑ اور بدسلیقہ خواتین کہا جاتا ہے۔ اگر آپ کے گھر میں رکھی ہوئی الماری کا دروازہ بھی پوری طرح بند ہوتا ہے اور اس کا تالا بھی ٹھیک ہے لیکن یہ چوں چوں بولتی ہے اور کپڑوں، کتابوں یا دیگر سامان کے بوجھ سے اس کے انچر پنچر ڈھیلے ہوگئے ہیں تب بھی یہ آپ کی لااُبالی طبیعت اور پھوہڑپن کی علامت تصور کی جائے گی۔

آپ کو چاہئے کہ گھر میں صاف ستھری اور سلیقے سے سجی ہوئی الماریاں رکھیں۔ ان میں اتنا ہی سامان بھریں جتنے سامان کی متحمل ہوسکتی ہیں۔ گنجائش سے زیادہ سامان بھر دینے سے آپ کی الماری وقت سے پہلے ہی لنگڑی لولی ہوکر آپ پر بوجھ بننا شروع ہوجائے گی۔ کوشش کریں کہ الماری کو گھر کے ایسے مقامات پر رکھا جائے جہاں گھر میں داخل ہوتے ہی مہمانوں کی نظر اس پر نہ پڑے۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ الماری کسی بھی گھر کا سب سے پرائیوٹ حصہ ہوتا ہے۔ اس لئے اسے مہمانوں کے سامنے کھول کر رکھ دینے سے آپ کے بہت سے پوشیدہ راز اور آپ کی کئی چھپی ہوئی خامیاں آپ کے مہمان پر آشکار ہوسکتی ہیں۔ گھر میں آنے جانے والے مہمانوں کو اپنی الماری میں آزادی سے گھسنے کی اجازت ہرگز مت دیں۔

الماری کا دروازہ بند رکھیں، نہ کسی کو اپنی الماری میں گھسنے دیں اور نہ ہی کسی کے گھر جاکر اس کی الماری میں گھسنے کی کوشش کریں۔ اگر آپ کا کمرہ بڑا ہے تو الماری کو کسی کونے میں رکھ دیں ورنہ عموماً چھوٹے گھروں میں لوگ کمرے کے اندر الماریاں رکھ کر ساری جگہ گھیر لیتے ہیں اور کمرے میں الماری رکھنے کے بعد اس میں صرف ایک بیڈ رکھنے کی جگہ باقی رہ جاتی ہے جس کے بعد چلنے پھرنے کا موقع بھی مشکل سے ملتا ہے۔ کوشش کریں کہ الماری گھر کی کسی خفیہ راہداری یا پچھلے حصے میں رکھی ہو مگر اسے پکی چھت کے نیچے ہی رکھا جانا چاہئے۔ الماری کی چھت پر زیادہ سامان جمع نہیں کرنا چاہئے۔ اس سے ایک تو الماری کی الاٹمنٹ خراب ہوتی ہے اور دوم یہ کہ الماری پر سامان جمع ہونے سے وہاں مکھیاں اور چھپکلیاں بھی اپنے ٹھکانے بنالیتی ہیں جو آپ کی الماری تک بآسانی رسائی حاصل کرکے آپ کے کپڑوں میں گھس سکتی ہیں۔ اپنی الماری کے مختلف خانوں میں مختلف چیزیں رکھیں تاکہ الماری کھولتے ہی اگر آپ اندھیرے میں بھی متعلقہ چیز ڈھونڈنا چاہیں تو آپ کا ہاتھ سیدھا اسی چیز پر جائے۔مختصراً یہ کہ اپنی الماری پر نظر رکھیں اور خوش و خرم زندگی گزاریں۔