اللہ کی ہدایت پانے والوں کی دُنیا و آخرت میں کامیابی

جماعت ِ اسلامی کاروان کی عید ملاپ تقریب ، مولانا عبدالعزیز کا خطاب
حیدرآباد۔ 10 اگست (راست) آج عالمی سطح پر اُمت مسلمہ کی حالت زار اور ناقابل رحم ہے۔ فلسطین میں مسلمان راکٹوں اور بمباری میں زندگی گزار رہے ہیں۔ بیشتر ممالک میں مسلمان قوم اپنی شناخت کو باقی رکھنے کیلئے سرگرداں ہیں۔ کسمپرسیکے موجودہ عالمی ماحول میں ہم سوچتے ہیں کہ کس طرح ہم اپنے ان پریشان حال بھائیوں کو عید کی مبارکباد پیش کریں۔ جماعت اسلامی کاروان کے عید ملاپ پروگرام منعقدہ عمر فنکشن ہال، ندیم کالونی میں مولانا محمد عبدالعزیز سیکریٹری شعبۂ اسلامی معاشرہ اسلامی ہند اے پی و اُڈیشہ نے اپنے صدارتی خطاب میں کہا کہ اللہ تعالیٰ صرف طلب کرنے والوں ہی کو ہدایت سے نوازتا ہے، جنہیں دنیوی و اُخروی کامیابی نصیب ہوتی ہے۔ اُمت مسلمہ اُمت وسط بھی ہے جس کا فرض منصبی دین اسلام سے ناواقف بندگان خدا تک دعوت دین پیش کرنا ہے۔ امت نے اس عظیم فریضہ کو فراموش کردیا، اسے بھلادیا چنانچہ اس کوتاہی اور غفلت کی وجہ سے ہم دنیا میں ہر میدان میں ناکامی سے دوچار ہورہے ہیں۔ ایک مسلمان دنیوی فائدے کے بجائے آخرت کی کامیابی کی خاطر زندگی گزارتا ہے جس کے لئے وہ دین اسلام کا تعارف غیرمسلموں تک پہنچانے کی صدق دل سے مسلسل کوشش کرتا ہے۔ اس فرضی منصبی سے روگردانی کی وجہ سے ہمیں دنیا میں کامیابی حاصل ہوسکتی ہے۔ یہ عمل اُخروی نجات کے لئے اللہ تعالیٰ کی خوشنودی کا باعث بن سکتا ہے۔ آخر میں انہوں نے کہا کہ مسلمانوں کو دین اسلام کے پیش کرنے میں جو دشوار کن حالات اور مخالفتوں سے ہرگز خوف زدہ نہیں ہونا چاہئے کیونکہ مشرکین کی ہزار مخالفتوں کے باوجود ہر حال میں ہمیں دعوت دین کا فریضہ انجام دینا ہے اور یاد رکھئے! ایسے حالات قیامت تک جاری رہیں گے۔ اللہ پر بھروسہ کریں اور مخالف اسلام ماحول سے مایوس ہونے کی ضرورت نہیں۔ خواتین کے رول کے بارے میں انہوں نے کہا کہ ان پر آنے والی نسل کی بہترین تربیت کی ذمہ داری کا بوجھ ہے۔ اپنی کی تربیت میں پرورش پانے والے بچے کل کے باشعور کامیاب مومن بندے بنیں گے۔ قوم کی ترقی مادی ترقی سے منسلک نہیں بلکہ اخلاقی عروج سے مربوط ہے۔ جلسہ کا آغاز شیخ مسعدؔ کی تلاوت کلام پاک سے ہوا۔ معاون امیر مقامی شیخ جعفر ؔ نے افتتاحی کلمات پیش کئے۔ خطیب و امام مسجد کمپنی باغ گولکنڈہ مولانا محمد مظفر احمد نے اپنی تقریر میں کہا کہ آج قرآن کا مطالعہ عالمی سطح پر مختلف قوموں کے افراد کررہے ہیں۔ اگر وہ قرآن کا مطالعہ ہدایت پانے کے لئے کرتے ہیں تو ایسے لوگوں کو اللہ تعالیٰ ضرور ہدایت دے گا لیکن جو افراد اسلام اور شریعت کا مذاق اُڑانے کی خاطر قرآن کا مطالعہ کرتے ہیں، وہ گمراہ ناکام اور مراد ہی مرجائیں گے۔ محمد اعظم علی تنظیمی سیکریٹری کے شکریہ پر عید ملاپ کا یہ جلسہ اختتام کو پہنچا۔