اللہ کا ذکر کرنے والوں کو دنیا و آخرت میں کامیابی و کامرانی

بضمن جلسہ جشن رحمتہ للعالمینؐ مرکزی سیرت کمیٹی کا اجلاس، مفتی محمد عبدالعزیز قادری کا خطاب
حیدرآباد۔/13ڈسمبر، ( پریس نوٹ ) محفل میلاد شریف کے فضائل اوراس کی بزرگی اس قدر ہے کہ امکان بشر نہیں کہ اس کا عشر عشیر بھی بیان کرسکے چنانچہ اکثر بزرگان دین نے اپنی بڑی اور اہم دینی کتابوں میں اس محفل پاک کی فضیلت بیان کی ہیں، اکثر لوگوں نے اس محفل پاک کرنے سے بڑے مراتب پائے ہیں۔ لہذا سب مسلمانوں کو چاہیئے کہ  وہ ایسی محافل متبرکہ کا اہتمام کریں کیونکہ ان محافل میں ملائکہ حاضر ہوکر رحمت الٰہی کے انوار نوازتے ہیں۔ جشن میلادؐ میں تمام بزرگیاں و فضائل حضور انوار محبوب اور ساقی کوثر حضرت سیدنا محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم بیان ہوتے ہیں۔ اللہ تعالیٰ نے آپؐ کو تمام جہانوں کے لئے رحمت بناکر بھیجا۔ آپؐ کو سیدالانبیاء بنایا۔ جمیع موجودات کی خلقت سے ہے۔ ان خیالات کا اظہار مولانا مفتی محمد عبدالعزیز قادری نے اپنے خطاب میں کیا جو یہاں 12ڈسمبر بروز ہفتہ بعد نماز عشاء مرکزی سیرت کمیٹی محمدی لائن سکنڈ لانسر میں بضمن جلسہ جشن رحمتہ للعالمینؐ منعقدہ مشاورتی اجلاس سے مخاطب تھے۔ جس کی صدارت الحاج محمد غوث قادری ( ایم جے پی ) صدر مرکزی سیرت کمیٹی نے کی۔ اس موقع پر مفتی محمد عبدالعزیز نے مزید کہا کہ حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کے اخلاق و کردار کو دیکھ کر لوگ دامن اسلام سے وابستہ ہوتے گئے۔ اللہ تعالیٰ نے آپؐ کو اپنا حبیب بنایا اور اپنے دیدار سے مشرف فرمایا۔ مفتی صاحب نے مرکزی سیرت کمیٹی کے زیر اہتمام 9ربیع الاول کو ہر سال کی طرح امسال بھی محمدی لائن سکنڈ لانسر میں منعقد شدنی عظیم الشان فقیدا لمثال جلسہ جشن رحمتہ للعالمین ؐ کی تیاری پر نیک تمناؤں کا اظہار کیا اور اس بات کی امید ظاہر کی کہ کمیٹی ہذا شایان شان محفل میلاد کے اہتمام میں کوئی کثر باقی نہیں چھوڑے گی۔ ابتداء میں قرأت کلام پاک سے اجلاس کا آغاز ہوا۔ قبل ازیں معتمد مرکزی سیرت کمیٹی محمدی لائین سکنڈ لانسر جناب سید صادق علی قدیر نے حاضرین اجلاس کا خیرمقدم کیا اور بتایا کہ جلسہ جشن میلادالنبی ؐ کو عظیم الشان پیمانے پر منعقد کرنے کیلئے ذیلی کمیٹیوں کو تشکیل دیا گیا ہے جو اپنی اپنی ذمہ داریاں بحسن خوبی انجام دے رہی ہیں۔ آخر میں صدر کمیٹی نے اپنے صدارتی خطاب میں بتایا کہ مرکزی سیرت کمیٹی حسب سابق کی طرح اس بار بھی جلسہ جشن رحمتہ للعالمینؐ کا اہتما کررہی ہے۔ ماضی کے جلسوں کے دوران مدعو کئے گئے علماء کرام کا جائزہ لے کر لائحہ عمل کو قطعیت دی گئی جس میں بیرون ریاست کے ممتاز و شعلہ بیان علمائے دین اپنے گرانقدر خطاب سے نوازنے کے علاوہ حیدرآباد کے ممتاز و معروف علماء کرام بھی اپنے مخصوص انداز خطاب سے عامتہ المسلمین کے قلوب کو منور کریں گے۔ مشاورتی اجلاس میں ذیلی کمیٹیوں کے انچارجس کے علاوہ ارکان کمیٹی قابل ذکر مسرس سید صادق علی قدیر معتمد، مرزا شکیل بیگ (کوالیکٹرانک میڈیا ) عبدالماجد، محمد نصیر، مرزا مسعود بیگ، جناب محسن خاں ( پرنٹ میڈیا) قاری سہیل قادری ( پوسٹرس و اعلانات ) محمد شکیل ( والینٹرس ) کے علاوہ منتظم جلسہ مسرس محسن، محمد شکیل، محمد ماجد، محمد محبوب، محمد جہانگیر بیگ، محمد احمد، محمد اکبر، روشن علی خاں، میر عبید علی، محمد جمشید، محمد حسن، محمد انور خاں، سید مسعود شیخ اور دیگر شامل تھے۔