اللہ تعالی نے انسان کو بے مقصد زندگی کیلئے پیدا نہیں کیا

قرآن مجید میں زندگی کے مقاصد تفصیل سے موجود‘ یو آئی آر سی کی اسلامک کورس کی تقریب سے بشری بیگم کا خطاب
حیدرآباد۔5۔ مئی(پریس نوٹ)کائنات میں انسان کو جو نعمتیں حاصل ہیں‘ اگر اُس پر آپ غور کریں گے تو اس بات کا پتہ چلے گا کہ ایسی نعمتیں کسی اور مخلوق کو حاصل نہیں ہیں تو اس سے یہ واضح ہوجاتا ہے کہ انسان کو بے مقصد پیدا نہیں کیا گیا ہے۔ یو آئی آر سی سسٹر ونگ ملک پیٹ کی انچارج محترمہ بُشری نے اسلامک ڈپلومہ کورس کی چوتھی بیاچ کے اختتام کے موقع پر ان خیالات کا اظہار کیا۔فاطمہ فضل نے مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی تھی ۔ طالبات میں انعامات بھی تقسیم کیے گئے۔ نامپلی میں گرانڈ پلازہ ہوٹل میں منعقدہ اس پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ سورہ بنی اسرائیل کی آیت نمبر70 میں اللہ تعالی کا ارشاد مبارک ہے کہ’’ ہم نے اولاد آدم کو بڑی عزت بخشی ہے‘‘۔یہ شرف اور فضل بہ حیثیت انسان کے ہر انسان کو حاصل ہے چاہے مومن ہو یا کافر۔ جو عقل انسان کو دی گئی ہے ‘حیوانات وغیرہ اس سے محروم ہیں۔ انسان اسی عقل سے غلط و صحیح‘ مفید و مضر اور حسین و قبیح کے درمیان تمیز کرنے پر قادر ہے۔ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ اللہ نے انسان کی پیدائش کے مقاصد بھی بتائے ہوں گے۔ ہمیں سب سے پہلے اپنی زندگی کا مقصد معلوم کرنا چاہئیے ۔بصورت دیگر زندگی ختم ہونے کے بعد ہم ہاتھ ملتے رہ جائیں گے۔ اللہ سبحانہ تعالی نے ہماری زندگی کے مقصد کو چار پہلووں میں بیان کیا ہے ۔سب سے پہلے بتایا ہماری زندگی کا مقصد اللہ کی عبادت ہے۔سورہ الذریت کی آیت نمبر 56 میں ہیکہ ’’میں نے جنات اور انسانوں کو محض اسی لیے پیدا کیا ہے کہ وہ صرف میری عبادت کریں‘‘۔ زندگی کا دوسرا مقصد آزمائش ہے۔سورہ العنکبوت کی آیت نمبر دو میں ہیکہ ’’ا لم ۔ کیا لوگوں نے یہ گمان کر رکھا ہے کہ ان کے صرف اس دعوے پر کہ ہم ایمان لائے ہیں ہم انہیں بغیر آزمائے ہوئے ہی چھوڑدیں گے۔ زندگی کا تیسرا مقصد ذکر الہی ہے۔ سورہ الحدید کی آیت نمبر ایک میں ہیکہ ’’ آسمانوں اور زمین میں جو ہے اللہ کی تسبیح کررہے ہیں ‘‘۔ ہماری زندگی کا چوتھا اور آخری مقصد آخرت میں جنت کو حاصل کرنا ہے۔ سورہ آل عمران کی آیت نمبر 185 میں اللہ سبحانہ تعالی کا فرمان ہے کہ اصل کامیاب وہ ہے جو آتش جہنم سے بچ جائے اور جنت میں داخل کیا جائے۔پروگرام کے دوران طالبات نے اپنے تاثرات بیان کیے۔ 45 روزہ کورس کا آغاز 11 مئی سے ہوگا۔ تفصیلات کیلئے 7032939500 پر ربط پیدا کیا جاسکتا ہے۔