اللہ اور اس کے نبی ؐ کی اطاعت کے بغیر ہدایت ناگزیر

میلاد کمیٹی کا میلاد میدان خلوت میں مرکزی جلسہ شب قدر ، بیرونی مقرر نورانی میاں کا خطاب
حیدرآباد ۔ 2 ۔ جون : ( پریس نوٹ ) : حضرت سید محمد نورانی میاں اشرفی الجیلانی ( کچھوچھ شریف یو پی ) نے کہا کہ اللہ اور اس کے نبی ؐ کی اطاعت کے بغیر ہدایت نصیب نہیں ہوتی ۔ اللہ بڑا کارساز ہے وہ چاہتا ہے تو کسی کو بھی ہدایت دیدیتا ہے بس بندے کو چاہئے کہ کسی طرح اللہ کو راضی کرے ۔ نہیں معلوم پروردگار اپنے کس بندے کی کس ادا سے راضی ہوجائے اور اس کے سینہ کو اسلام کے لیے کھول دے اور اس کو ہدایت نصیب فرمادے ۔ ہم کو چاہیے کہ اللہ جب ہدایت دے تو ساری زندگی ہدایت کے راستے پر جمے رہیں ۔ مولانا سید نورانی میاں اشرفی الجیلانی ( یو پی ) فرزند اکبر حضرت ہاشمی میاں نے کل شام مرکزی میلاد کمیٹی کے زیر اہتمام میلاد میدان خلوت پیالیس پر 48 ویں مرکزی جلسہ شب قدر میں بحیثیت مہمان خصوصی اپنے خطاب کے دوران ان خیالات کا اظہار کیا ۔ انہوں نے کہا کہ تم اللہ کے ولیوں کو مردہ مت سمجھو ۔ مولانا نے اپنے خطاب میں کہا کہ آج کی اس نورانی محفل میں یہ طئے کر کے اٹھیں کہ آج سے ہم نماز کو قائم کریں گے ۔ انہوں نے مسلمانوں پر زور دیا کہ وہ اپنے دلوں کو مدینہ اور سینوں کو کعبہ بنالیں ۔ انہوں نے کہا کہ اللہ ہمیں ہدایت کی روشنی سے مالا مال کردے ۔ مولانا محمد آصف عرفان قادری نے کہا کہ رمضان کے اس بابرکت مہینے میں اللہ تبارک و تعالی ایک نیکی کے بدلے ( 70 ) نیکیوں کا اجر و ثواب عطا کرتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ واحد مہینہ ہے جس میں اللہ اپنی رحمت کی بارش فرماتا ہے ۔ بد نصیب ہے وہ جو اس مبارک مہینے کو اپنی مصروفیات خرید و فروخت میں گذار دیتا ہے ۔ اس سے پہلے کہ یہ مبارک مہینہ ختم ہوجائے اپنے گناہوں کی اللہ سے توبہ کرلو ۔ آئندہ رمضان نصیب ہوگا یا نہیں معلوم نہیں ۔ جناب سید احمد پاشاہ قادری نے کہا کہ یہ ہماری خوش نصیبی ہے کہ اللہ نے ہمیں امت محمدیؐ میں پیدا فرمایا ۔ احمد پاشاہ قادری نے کہا کہ رسول کریم کا ارشاد ہے کہ رجب المرجب اللہ کا مہینہ ہے ۔ شعبان میرا مہینہ ہے اور رمضان المبارک امت محمدیؐ کا مہینہ ہے ۔ جلسہ کی نگرانی جناب خواجہ معین الدین اقبال قادری صدر کمیٹی نے کی ۔ جلسہ کا آغاز حافظ و قاری غلام محمد خاں نقشبندی کی قرات کلام پاک سے ہوا ۔ جناب اسد اللہ شریف ، جناب میر عظمت علی ، جناب محمد ارشد اور دوسروں نے نعت شریف پیش کی ۔ شہ نشین پر میلاد کمیٹی کے عہدیداران سرپرست اعلی جناب محمد شجاعت حسین قادری ، جناب شیخ عبید بن عثمان العمودی ، جناب محمد مشتاق علی ایڈوکیٹ ، جناب محمد عمران احمد ، جناب محمد آدم اشرفی ایڈوکیٹ ، جناب محمد برکت علی خاں ، جناب محمد شریف اشرفی ، جناب محمد فردوس افتخاری اور دوسرے موجود تھے ۔ جلسہ کی نظامت کے فرائض جناب غلام محمد آمری نے انجام دئیے ۔ جلسہ کے اختتام پر مہمان خصوصی نے سلام پڑھا اور دعا کی ۔۔