الاگیری کی سوپر اسٹار رجنی کانت سے ملاقات

چینائی ۔ 14 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) ڈی ایم کے کے معطل لیڈر ایم کے الاگیری نے تمل سوپر اسٹار رجنی کانت سے ان کی پوئس گارڈن میں واقع رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ بعدازاں انہوں نے اخباری نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ رجنی کانت ان کے (الاگیری) خیراخواہوں میں شمار کئے جاتے ہیں اور انہوں نے (الاگیری) صرف ذہنی سکون کے حصول کیلئے رجنی سے ملاقات کی تھی۔ انہوں نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ اس ملاقات کے پس پشت کوئی سیاسی عزائم کارفرما نہیں ہیں۔ رجنی کانت ان کے دوست ہیں اور وہ اکثر ان سے ملاقات کرتے رہتے ہیں۔ رجنی کانت کی نئی فلم ’’کوچہ دائیان‘‘ کے گانے انہیں بے حد پسند آئے لہٰذا وہ فلم کی کامیابی کی مبارکباد دینے ان سے ملاقات کئے ہیں۔

جب مسٹر الاگیری سے نئی دہلی میں کل وزیراعظم منموہن سنگھ سے ملاقات کے بارے میں استفسار کیا گیا تو انہوں نے وضاحت کی کہ وزیراعظم سے ملاقات کرتے ہوئے انہوں نے مدورائی ایرپورٹ کو مجاہد آزادی متھورام لنگاتھیور سے موسوم کرنے کی گذارش کی۔ الاگیری کے بیٹے دورائی دیاندھی نے اپنے ٹوئیٹر پر ایک تصویر پیش کی ہے جس میں وہ خود، اس کے والد اور رجنی کانت ایک گروپ تصویر کھنچواتے نظر آرہے ہیں۔ اس نے اپنے ٹوئیٹ میں کہا کہ ڈیڈی نے ملک کے واحد سوپر اسٹار کو کوچہ دائیان کی آڈیو ریلیز پر مبارکباد پیش کی۔ میں بھی ڈیڈی کے ساتھ گیا تھا جہاں رجنی سر نے مجھے بھی آشیرواد دیا۔