اقوام متحدہ سے شمالی کوریا کے بحری جہاز پر امریکی قبضہ کیخلاف اقدامات کا مطالبہ

پیونگ یانگ ۔ 21 مئی (سیاست ڈاٹ کام) شمالی کوریا نے اقوام متحدہ سے کہا ہیکہ وہ اس کے ایک مال بردار بحری جہاز پر امریکی قبضے کے خلاف عملی اقدامات کرے۔ شمالی کوریا نے امریکہ کو ایک ’’بدمعاش ریاست‘‘ بھی قرار دیا ہے۔ عالمی ادارے کے سکریٹری جنرل انٹونیو گوٹیرس سے اپیل کی گئی ہیکہ وہ فوری طور پر ایسے اقدامات کریں جن سے جزیرہ نما کوریا پر استحکام آ سکے۔ یہ باتیں شمالی کوریا کے اقوام متحدہ میں سفیر نے سکریٹری جنرل کے نام ایک خط میں لکھی ہیں۔ اس خط میں کمیونسٹ کوریا کے سفیر نے اپنے ملک کے ایک مال بردار بحری جہاز پر امریکی قبضے کو جارحانہ اور غیرقانونی فعل بھی قرار دیا۔ شمالی کوریائی سفیر نے اس امریکی اقدام کو بین الاقوامی قانون اور اقوام متحدہ کے چارٹر کے منافی بھی قرار دیا۔