اقوام متحدہ اور امریکہ نے کابل حملوں کی مذمت کی

اقوام متحدہ ؍ واشنگٹن ۔ یکم ؍ مئی (سیاست ڈاٹ کام) اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل انٹونیوگوٹیرس نے افغانستان میں سلسلہ وار حملوں کی شدید مذمت کی جبکہ ملک میں (افغانستان) موجود اقوام متحدہ کے ایک اعلیٰ سطحی عہدیدار نے انتہائی دکھ بھرے لہجہ میں کہا کہ ’’ورلڈ پریس فریڈم ڈے‘‘ کچھ ہی دنوں میں منایا جانے والا ہے اور ایسے موقع پر صحافیوں کو ہلاک کرنا آزادی اظہارخیال پر راست حملہ کے مترادف ہے۔ یاد رہیکہ دوہرے خودکش حملوں میں 25 افراد ہلاک ہوگئے تھے جن میں 10 صحافی بھی شامل ہیں جس کی ذمہ داری دولت اسلامیہ نے قبول کی ہے۔ افغانستان میں طالبان کے زوال کے بعد صحافیوں پر کیا جانے والا یہ بدترین حملہ ہے جبکہ تیسرے حملہ میں 11 بچے ہلاک اور 16 افراد زخمی ہوگئے تھے جن میں بیرون ملک اور افغانستان سے تعلق رکھنے والی فوج کے ارکان بھی شامل ہیں۔ یہ حملہ اس وقت ہوا جب ایک خودکش حملہ آور نے قندھار میں بم سے لدی ہوئی ایک کار کو دھماکہ سے اڑا دیا تھا۔ دوسری طرف امریکہ نے بھی سخت الفاظ میں افغانستان میں ہوئے خودکش حملوں کی مذمت کی۔ نئے وزیرخارجہ مائیک پامپیو نے کہا کہ امریکہ افغانستان میں اپنے دیگر حلیفوں کے ساتھ دولت اسلامیہ کو شکست فاش دینے ہنوز پرعزم ہے اور وہ ایسا کرکے ہی دم لے گا۔ دوہرے خودکش حملوں کی ذمہ داری دولت اسلامیہ نے لی ہے اور ہم بھی انہیں (دولت اسلامیہ) بتادیں گے کہ ان کا خاتمہ کس طرح اور بہت جلد ہوگا۔ کابل میں جو کچھ ہوا وہ انتہائی سفاکانہ اور غیرانسانی حرکت ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے وہ کم ہے۔