اقل ترین اجرتوں میں اضافہ ، یونینس 2 ستمبر کی ہڑتال پر اٹل

نئی دہلی ۔ 30 اگست (سیاست ڈاٹ کام) لیبر یونینوں کو 2ستمبر کی ملک گیر ہڑتال سے دستبردار ہونے کی ترغیب د ینے کیلئے حکومت نے آج اقل ترین اجرت میں 42 فیصد اضافہ کردیا جبکہ دو سال کیلئے بونس بھی ادا کیا جائے گا لیکن ٹریڈ یونینیں ان اقدامات کو مکمل طور پر ناکافی قرار دیتے ہوئے مسترد کرچکی ہیں اور ہڑتال کے اپنے فیصلہ پر اٹل ہیں۔ مرکزی وزیرفینانس ارون جیٹلی نے مزدوروں کے مسائل کی یکسوئی کیلئے ایک وزراء پر مشتمل کمیٹی تشکیل دی تھی جس میں غیرزرعی غیرماہر کارکنوں کی اقل ترین اجرت روزانہ 350 روپئے مقرر کی ہے جبکہ موجودہ اجرت 246 روپئے روزانہ تھی۔ سرکاری ملازمین کو ایک اجرت بطور بونس 2014-15 اور 2015-16ء کیلئے ادا کی جائے گی۔ اس کے نتیجہ میں جملہ 1920 کروڑ روپئے کا سرکاری خزانہ پر روز عائد ہوگا۔ بونس قانون میں بھی ترمیم کرکے اسے مزدور دوست بنایا گیا ہے۔ حکومت ہائیکورٹ اور سپریم کورٹ میں یونینوں کے کاز کی تائید کرے گی۔