اقلیتی نوجوانوں کو عصری کمپیوٹر کورسیس کی تربیت

صدر نشین اقلیتی مالیاتی کارپوریشن سید اکبر حسین کا سنتوش نگر سنٹر کا دورہ
حیدرآباد۔/30نومبر، ( سیاست نیوز) صدر نشین اقلیتی مالیاتی کارپوریشن سید اکبر حسین نے آج سنتوش نگر میں کمپیوٹر سنٹر کا دورہ کیا اور وہاں اقلیتی طلبہ کو دی جارہی ٹریننگ کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔ صدرنشین مالیاتی کارپوریشن نے کمپیوٹر سنٹرس میں جاری مختلف کورسیس کے بارے میں تفصیلات حاصل کی اور امیدواروں سے بات چیت کرتے ہوئے ٹریننگ پر اطمینان کا اظہار کیا۔ سید اکبر حسین نے کہا کہ حکومت اقلیتی نوجوانوں کو عصری کمپیوٹر کورسیس میں تربیت فراہم کرنے کیلئے ریاست بھر میں 36 کمپیوٹر سنٹرس کو پہلے مرحلہ میں عصری بنانے کا منصوبہ رکھتی ہے۔ حیدرآباد میں یہ پہلا سنٹر ہے جسے اقلیتی فینانس کارپوریشن نے تمام سہولتوں سے آراستہ کیا ہے۔ اکبر حسین نے کہا کہ اضلاع میں بھی کمپیوٹر سنٹرس کو عصری بناتے ہوئے اقلیتی امیدواروں کو پیشہ ورانہ کمپیوٹر کورسیس میں مہارت دلائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے اردو اکیڈیمی سے فینانس کارپوریشن کو منتقل کردہ کمپیوٹر سنٹرس اور لائبریریز کو عصری بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔ ان سنٹرس میں برسر خدمت ملازمین کو ٹریننگ فراہم کی جائے گی تاکہ وہ عصری کورسیس کی تربیت کے اہل ہوں۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے اقلیتوں کی تعلیمی اور معاشی ترقی کیلئے حال ہی میں کئی فیصلے کئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ریاست بھر میں چیف منسٹر کے اعلانات کا خیرمقدم کیا جارہاہے جو ان کی اقلیتوں کے بارے میں سنجیدگی کا اظہار ہے۔ اکبر حسین نے کہا کہ کارپوریشن کے ذریعہ راست قرض کی اجرائی کی اسکیم تیار کی جارہی ہے۔ چیف منسٹر نے اس اسکیم کی تیاری کی ہدایت دی تاکہ بینکوں سے منظوری کا انتظار کئے بغیر اقلیتوں کو قرض فراہم کیا جاسکے۔