اقلیتی طلباء کو سیول سرویسز کوچنگ

حکومت کی جانب سے اسٹائیفنڈ کی رقم منظور
حیدرآباد ۔ 31 ۔ جنوری (سیاست نیوز) اقلیتی طلبہ کو سیول سرویسز کی کوچنگ کے سلسلہ میں حکومت نے اسٹائیفنڈ کی رقم کو منظوری دیدی ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ شہر کے تین خانگی نامور کوچنگ سنٹرس میں 92 اقلیتی طلبہ سیول سرویسز کی کوچنگ حاصل کر رہے ہیں اور گزشتہ تین ہفتوں سے کوچنگ جاری ہے۔ حکومت نے دیگر طبقات کے طلبہ کے مماثل اقلیتی طلبہ کو بھی ماہانہ اسٹائیفنڈ دینے کا فیصلہ کیا تھا لیکن احکامات کی اجرائی میں تاخیر ہوئی ہے۔ سنٹر فار ایجوکیشنل ڈیولپمنٹ آف میناریٹیز کے ذریعہ اقلیتی طلبہ کو پہلی مرتبہ خانگی کوچنگ سنٹرس میں داخلہ دلایا گیا ہے۔ طلبہ کو ان کی پسند کے ادارے میں داخلہ دیا گیا اور کوچنگ کے تمام اخراجات حکومت برداشت کرے گی ۔ اضلاع سے تعلق رکھنے والے امیدواروں کو ماہانہ 5000 جبکہ شہر کے طلبہ کو 2500 روپئے ادا کئے جائیں گے۔ اسٹڈی میٹریل کی خریدی کیلئے 3500 روپئے ادا کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ اقلیتی طلبہ کو جن اداروں میں کوچنگ کا اہتمام کیا گیا ہے ، ان میں حیدرآباد اسٹڈی سرکل ، آر سی ریڈی اور برین ٹری شامل ہیں۔ کوچنگ 8 ماہ پر مشتمل ہوگی جس میں پریلمس اور مینس امتحانات کی تیاری کرائی جائے گی ۔ ہر سال 100 اقلیتی طلبہ کو کوچنگ فراہم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ گزشتہ سال کوچنگ سنٹرس کے انتخاب میں تاخیر کے سبب اقلیتی طلبہ کو مایوسی کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ گزشتہ سال منتخب کئے گئے 42 طلبہ جاریہ سال کوچنگ میں شریک ہیں۔ سکریٹری اقلیتی بہبود سید عمر جلیل اور حکومت کے مشیر برائے اقلیتی امور اے کے خاں ، کوچنگ سنٹرس سے طلبہ کے پرفارمنس کے بارے میں وقتاً فوقتاً رپورٹ حاصل کر رہے ہیں۔