اقلیتی بہبود کی اسکیمات کیلئے 87 کروڑ 28 لاکھ روپئے کے بجٹ کی اجرائی

مختلف اسکیمات کے لیے رقم مختص، اسپیشل سکریٹری کے احکامات
حیدرآباد 30 اپریل (سیاست نیوز)تلنگانہ حکومت نے اقلیتی بہبود کی اسکیمات کیلئے 87 کروڑ 28 لاکھ 36 ہزار روپئے کا بجٹ جاری کیا ہے ۔ جاریہ مالیاتی سال 2015-16 کے تحت بجٹ کی اجرائی کا عملاً آج سے آغاز ہوا اور پہلے سہ ماہی کی پہلی قسط کے طور پر یہ رقم جاری کی گئی ۔ حکومت نے اقلیتی بہبود کیلئے 1105 کروڑ روپئے مختص کئے ہیں جن میں سے تقریبا ایک ماہ بعد 87 کروڑ روپئے جاری کئے گئے ۔ محکمہ فینانس کے اسپیشل سکریٹری کے رام کرشنا راو نے دو علحدہ جی اوز کے ذریعہ یہ بجٹ جاری کیا ۔ جی او آر ٹی 1814 کے تحت 87 کروڑ 13 لاکھ 7 ہزار روپئے جاری کئے گئے ۔ اس میں اقلیتی طلبہ کے معیاری اسکولوں میں داخلہ سے متعلق اسکیم کیلئے 70 لاکھ روپئے جاری کئے گئے جبکہ اس اسکیم کیلئے مجموعی طور پر 2 کروڑ 80 لاکھ روپئے مختص کئے گئے ہیں۔ اردو گھر شادی خانوں کی تعمیر کیلئے 2 کروڑ 50 لاکھ روپئے جاری کئے گئے جبکہ بجٹ 7 کروڑ 50 لاکھ کی گنجائش ہے ۔ دائرۃ المعارف کی امداد کے طور پر 50 لاکھ روپئے جاری کئے گئے جبکہ تلنگانہ کرسچن مائناریٹیز فینانس کارپوریشن کو اسکیمات پر عمل آوری کیلئے 2 کروڑ 50 لاکھ منظور کئے گئے ۔ تلنگانہ حج کمیٹی کو گرانٹ ان ایڈ کے طور پر 50 لاکھ ‘ تلنگانہ اقلیتی فینانس کارپوریشن کو 2 کروڑ 30 لاکھ ‘تلنگانہ وقف بورڈ کو گرانٹ کے طور پر 13 کروڑ 25 لاکھ اور اردو اکیڈیمی کو 3 کروڑ روپئے جاری کئے گئے اس کے علاوہ تلنگانہ اسٹیڈی سرکل میں اقلیتی طلبہ کی کوچنگ کیلئے ایک کروڑ 50 لاکھ ‘ چرچس اور قبرستانوں کی تعمیر و مرمت کیلئے 75 لاکھ ‘اقلیتی طلباء کی اسکالر شپس کیلئے 25 کروڑ ‘ اقلیتوں کی سماجی اور معاشی صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے 6 کروڑ 28 لاکھ ‘بینکوں سے مربوط سبسیڈی کی اجرائی کیلئے 23 کروڑ 75 لاکھ ‘سروے کمیشن وقف کو ایک کروڑ 25 لاکھ ‘کرسچن فینانس کارپوریشن کو 20 لاکھ اور عیسائیوں کو مقدس مقام یروشلم کے دورہ کیلئے دی جانے والی سبسیڈی کے سلسلہ میں 50 لاکھ منظور کئے گئے ۔ بجٹ کے پہلے سہ ماہی کے تحت مذکورہ اسکیمات کے لئے348 کروڑ 52 لاکھ 93 ہزار روپئے کی گنجائش ہے جس میں سے پہلے مرحلے میں 87 کروڑ 13 لاکھ 7 ہزار جاری کئے گئے۔ پہلے سہ ماہی میں مزید 261 کروڑ 39 لاکھ 86 ہزار کی اجرائی باقی ہے ۔ محکمہ فینانس نے جی او آر ٹی 1813 کے تحت 15 لاکھ 29 ہزار نان پلان کے تحت جاری کئے ہیں۔ اس میں دائرۃ المعارف کیلئے 24 ہزار ‘ اردو اکیڈیمی کیلئے 2 مدات کے تحت 13 لاکھ 75 ہزار اور 88 ہزار روپئے مختص کئے گئے ۔