اقلیتی اقامتی اسکولس میں داخلوں کیلئے حوصلہ افزاء ردعمل

ضلعی سطح پر آخری تاریخ کا اختتام ، حیدرآباد میں 15 اپریل تک داخلہ تاریخ میں توسیع
حیدرآباد۔31 مارچ (سیاست نیوز) اقلیتی اقامتی اسکولس میں داخلوں کے لیے رجسٹریشن کی آخری تاریخ آج 31 مارچ کو اختتام کو پہنچی۔ سکریٹری اقلیتی اقامتی اسکول سوسائٹی بی شفیع اللہ نے بتایا کہ بڑے پیمانے پر تشہیری مہم اور موجودہ اسکولوں کی بہتر کارکردگی کو دیکھتے ہوئے درخواستیں داخل کرنے کا حوصلہ افزاء رجحان دیکھا گیا۔ 34480 نشستوں کے لیے 80621 درخواستیں داخل کی گئیں۔ انہوں نے کہا کہ اسکولوں میں داخلہ کا عمل بہت جلد مکمل کرلیا جائے گا۔ ریاست میں جملہ 201 اقامتی اسکولس کو منظوری دی گئی جن میں 39 اسکولس حیدرآباد ضلع میں منظور کئے گئے۔ حیدرآباد میں 8080 نشستوں کے لیے 6235 درخواستیں موصول ہوئی ہیں۔ اولیائے طلباء اور رضاکارانہ تنظیموں کی خواہش پر صرف حیدرآباد ضلع میں رجسٹریشن کی تاریخ میں 15 اپریل تک توسیع کی گئی ہے۔ 31 مارچ کے بعد موصول ہونے والی حیدرآباد کی درخواستوں کو مخلوعہ نشستوں سے پرکیا جائے گا۔ انہوں نے اولیائے طلبہ سے اپیل کی کہ اس سہولت سے استفادہ کرتے ہوئے پانچویں، چھٹویں اور ساتویں جماعت میں داخلوں کے لیے رجسٹریشن کرائیں۔