اقلیتی اقامتی اسکولس میں اسٹاف کا تقرر

تین سال میں 4829 جائیدادوں کو مرحلہ وار پُر کیا جائے گا
حیدرآباد ۔ 30 ۔ جنوری (سیاست نیوز) محکمہ فینانس نے اقلیتی اقامتی اسکولس میں تدریسی اور غیر تدریسی اسٹاف کے تقرر کو منظوری دیدی ہے جس کے تحت جملہ 4829 جائیدادوں پر 3 سال کے دوران مرحلہ وار انداز میں تقررات عمل میں آئیں گے ۔ سکریٹری اقلیتی بہبود عمر جلیل نے بتایا کہ 2017-18 ء میں 1273 ، 2018-19 ء میں 1494 اور تعلیمی سال 2019-20 ء میں 1370 تدریسی اسٹاف کا تقرر کیا جائے گا۔ یہ تمام تقررات تلنگانہ پبلک سرویس کمیشن کے ذریعہ عمل میں لائے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے آئندہ تعلیمی سال سے مزید 130 اقلیتی اقامتی اسکولس کو منظوری دی ہے۔ 3 برسوں میں پرنسپلس کی 118 ، جونیئر لکچررس 1110 ، پی جی ٹی 1140 ، ٹی جی ٹی 1010 ، فزیکل ایجوکیشن ٹیچر 124 ، فزیکل ڈائرکٹر 130 ، لائبریرین 130 ، اسٹاف نرس 125 ، کرافٹ اینڈ میوزک انسٹرکٹر 125 اور سینئر اسسٹنٹ کے 125 عہدوں پر تقررات کئے جائیں گے۔ اس کے علاوہ غیر تدریسی عملہ کے 692 عہدوں پر تقررات کو محکمہ فینانس نے منظوری دیدی ہے۔ آئی سی ٹی انسٹرکٹر کی 200 ، جونیئر اسسٹنٹ 49 ، آفس سب آرڈیننس 118 اور لیاب اٹینڈر کی 325 جائیدادوں پر تقررات کئے جائیں گے ۔ انہوں نے بتایا کہ پہلے مرحلہ میں شروع کئے گئے 71 اقامتی اسکولس کے عملے کے تقررات کے سلسلہ میں تلنگانہ پبلک سرویس کمیشن جلد ہی اعلامیہ جاری کرے گا۔